Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت اور برطانیہ کے درمیان عدل و انصاف کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ

سعودی وزیر انصاف نے برطانوی وزیر انصاف سے ڈومینک راب ملاقات کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر انصاف ڈاکٹر ولید الصمعانی نے منگل کو لندن میں برطانیہ کے وزیر انصاف و نائب وزیراعظم ڈومینک راب سے ملاقات کی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت اور برطانیہ کے درمیان عدل و انصاف کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
سعودی وزیر انصاف نے کہا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایت ہے کہ تمام شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ گذشتہ برسوں کے دوران وزارت انصاف کو جدید تر بنانے کے لیے متعدد منصوبے نافذ کیے گئے جن سے مملکت، اس کے عوام اور مقیم غیرملکیوں کو بڑی سہولت ملی ہے۔‘ 

عدالتوں میں ڈیجیٹل سروس شروع کی گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

ڈاکٹر ولید الصمعانی نے ملاقات کے دوران توجہ دلائی کہ ’مملکت کی قیادت عدل و انصاف کے شعبے کو جدید بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ عدالتوں میں ڈیجیٹل سروس شروع کی گئی ہے جبکہ وثیقہ نویسی کے اداروں کوڈیجیٹل بنایا گیا ہے۔ 130 سے زیادہ عدالتی سہولتیں آن لائن دستیاب ہیں۔‘ 
سعودی وزیر انصاف نے کہا کہ ’مملکت میں لیبرکورٹس اور کمرشل تجارتی عدالتیں قائم ہیں اور وہ احسن شکل میں کام انجام دے رہی ہیں۔‘
وزیر انصاف نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں چار بنیادی سسٹمز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سے ایک الزامات اور دعوے ثابت کرنے والا قانون ہے جو جاری ہوچکا ہے اور اس پر جلد عمل درآمد شروع ہو گا۔ یہ عدالتی ضمانتوں اور بین الاقوامی معاہدوں سے ہم آہنگ ہے۔ 
 

شیئر: