Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین نہ لگوانے والے ٹینس سٹار جوکووچ دبئی ٹورنامنٹ کھیلیں گے

نوواک جوکو وچ نے ویکسین لگائے بغیر آسٹریلیا میں رہنے کا حق استعمال کرنا چاہا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ویکسین لگوائے بغیر آسٹریلیا میں داخل ہونے کے بعد شہ سرخیوں میں رہنے والے دنیا کے نمبر ون ٹینس سٹار نوواک جوکووچ اب اے ٹی پی دبئی ٹینس ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قانونی جنگ کے بعد آسٹریلیا سے بے دخل کیے گئے ٹینس سٹار جوکووچ آئندہ ماہ دبئی میں ہونے والے اے ٹی پی ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔
ٹینس کو کور کرنے والے صحافیوں نے 21 سے 26 فروری تک دبئی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں مختلف آؤٹ لیٹس کی جانب سے لی گئی کھلاڑوں کی ایک لیکڈ فہرست سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں جوکووچ کا نام بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ ٹینس کھلاڑی جوکووچ نے ویکسین لگائے بغیر آسٹریلیا میں رہنے کا حق استعمال کرنا چاہا تھا تاہم آسٹریلوی حکومت کی جانب سے ان کا ویزہ دوسری مرتبہ منسوخ کرکے 16 جنوری کو انہیں ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل جوکووچ نے عدالت میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر کے مقدمہ جیت لیا تھا۔
آسٹریلیا کے وزیر برائے امیگریشن الیکس ہاک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ انھوں نے نوواک جوکووچ کا ویزہ منسوخ کرنے کا فیصلہ مفاد عامہ اور صحت کی وجوہات کی بنا پر کیا۔
ویکسینیشن سے استثنیٰ کے موقف پر قائم سربین ٹینس سٹار نے عالمی نمبر ون ہونے کے ناطے آسٹریلین اوپن کے بعد دیگر ٹورنامنٹس میں بھی شریک ہونا ہے۔

شیئر: