Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوکووچ مقدمہ ہارنے کے بعد آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کر دیے گئے

نوواک جوکووچ نے نے ویکسین لگائے بغیر آسٹریلیا میں رہنے کا حق استعمال کرنا چاہا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سربیا کے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کو مقدمہ ہارنے کے بعد آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔
نیوز ایجسنی اے ایف پی کے مطابق نوواک جوکووچ کو میلبرن ایئرپورٹ پر دیکھا گیا اور وہ اتوار کو 11 بجے کے قریب دبئی کے لیے روانہ ہوئے۔
اس سے قبل نوواک جوکووچ کی آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کیے جانے کے خلاف آخری درخواست کو آسٹریلوی فیڈرل کورٹ نے مسترد کر دیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو تینوں ججز نے متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کے حکمنامے کو برقرار رکھا۔ عدالت نے ترمیم شدہ درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے بازی کا جرمانہ بھی عائد کرنے کا حکم دیا۔
نوواک جوکووچ کے وکلا کا ایک ہنگامی سماعت کے دوران کہنا تھا کہ آسٹریلین اوپن سے ایک روز قبل حکومت کی ان کو ملک سے نکالنے کی کوشش ’نامناسب‘ ہے۔  
تاہم ٹینس کے عالمی نمبر ون کھلاڑی کے وکلا کو ججز کے پینل سے سوالات کا سامنا رہا۔
فیصلے کے بعد جوکووچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کو عدالتی حکم سے مایوسی ہوئی ہے مگر وہ اس کا احترام کرتے ہوئے آسٹریلیا سے واپس جانے میں متعلقہ حکام سے تعاون کریں گے۔
خیال رہے کہ ٹینس کھلاڑی نے ویکسین لگائے بغیرآسٹریلیا میں رہنے کا حق استعمال کرنا چاہا تھا تاہم آسٹریلوی حکومت کی جانب سے ان کا ویزہ دوسری مرتبہ منسوخ کرکے ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کے وزیر برائے امیگریشن الیکس ہاک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ انھوں نے نوواک جوکووچ کا ویزہ منسوخ کرنے کا فیصلہ مفاد عامہ اور صحت کی وجوہات کی بنا پر کیا۔
ویکسینیشن سے استثنیٰ کے موقف پر قائم سربین ٹینس سٹار عالمی نمبر ون ہونے کے ناطے آسٹریلین اوپن کے بعد دیگر ٹورنامنٹس میں بھی شریک ہونا ہے، البتہ حالیہ معاملے کے بعد یہ واضح نہیں کہ ان ٹورنامنٹس کی میزبانی کرنے والے ممالک نوواک جوکووچ کو خوش آمدید کہیں گے یا نہیں۔

ٹینس کا بین الاقوامی ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن پیر سے ملبورن میں شروع ہو رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

2022 کے اے ٹی پی ٹور کیلنڈر کے مطابق نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے بعد دیگر ٹورنامنٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔
وبائی صورت حال کی وجہ سے آئندہ چھ ماہ کے لیے جاری کردہ شیڈول میں قرطبہ اوپن، فرنچ اوپن، انڈیا میں ٹاٹا اوپن، اے بی این ایمرو ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹ، ارجنٹائن اوپن، ڈیلاس اوپن، قطر اوپن، دبئی ڈیوٹی فری ٹینس چیمپئین شپ، میامی اوپن، بارسلونا اوپن، سربیا اوپن، بی ایم ڈبلیو اوپن جنیوا اوپن، ومبلڈن چیمپئن شپ جیسے مقابلے ہونے ہیں۔
ان ٹینس ٹورنامنٹس کے تقریباً سبھی میزبان ملکوں کی جانب سے بیرونی دنیا سے آنے والے افراد کے لیے ویکسینیشن کو لازم قرار دیا جاتا ہے۔

شیئر: