Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولڈ سٹوریج سے مردہ مگرمچھ ، ہرن اور گدھ برآمد

کولڈ سٹوریج سے زائد المعیاد گوشت بھی برآمد کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
عسیر میونسپلٹی کےہیلتھ انسپکٹرز نے ایک کولڈ سٹوریج سے مردہ مگرمچھ، ہرن اور گدھ برآمد کرلیے۔
کارروائی خمیس مشیط میں المیہ روڈ پر نصب خیمے میں ناقابل استعمال خوراک کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ 
العربیہ کے مطابق عسیر میونسپلٹی میں دوسری شفٹ کی تفتیشی ٹیموں کواطلاع ملی تھی کہ خمیس مشیط کے التنزہ خیمے میں زائد المیعاد گوشت اورناقابل استعمال کھانے پینے کی اشیا ذخیرہ ہیں۔ 
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کیمپ کے منتظمین زائد المیعاد گوشت سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کو ڈنر میں پیش کررہے ہیں۔ 
  کولڈ سٹوریج کے خلاف آپریشن میں متعدد محکموں کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی جن میں محکمہ جنگلی حیات ، ماحولیاتی سلامتی فورس اور پولیس اہلکار شامل تھے۔ 
میونسپلٹی حکام نے بتایا کہ ہیلتھ انسپکٹرز کولڈ سٹوریج کے معائنے کے دوران یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ اس میں عام گوشت کے ساتھ مردہ مگرمچھ، ہرن اور گدھ کا گوشت بھی پڑا ہوا ہے۔ 
 عسیر میونسپلٹی نے بتایا کہ 250 کلو گرام زائد المیعاد گوشت ضبط کرلیا گیا۔
 یہ بات بھی ریکارڈ کی گئی کہ وہاں صفائی کا معقول انتظام نہیں تھا جبکہ کارکنان میں سے کسی کے پاس بھی ہیلتھ سرٹیفکیٹ نہیں تھے۔
علاوہ ازیں وہاں موجود مشینیں زنگ آلود تھیں۔ کیمپ کو فوری طورپر سیل کردیا گیا اور وہاں سے ضبط کی جانے والی اشیا تلف کردی گئیں۔ 

شیئر: