Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام ، لاکھوں نشہ آورگولیاں ضبط

منشیات گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئیں(فوٹو، محکمہ کسٹم )
سعودی محکمہ کسٹم اینڈ ٹیکس نے ’الحدیثہ‘ بری سرحدی چوکی پرمنشیات اسمگلنگ کی 5 کارروائیوں کوناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں نشہ آورگولیاں ضبط کرلیں۔
سبق نیوز نے محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری اطلاع کے حوالے سے کہا ہے کہ منشیات اسمگل کیے جانے کی پانچ مختلف کارروائیوں کے دوران کسٹم اہلکاروں نے مجموعی طورپر14 لاکھ 91 ہزار 859 نشہ آورگولیاں ضبط کیں جنہیں مختلف طریقوں سے مملکت اسمگل کیاجارہا تھا۔
سعودی عرب اور اردن کے سرحدی علاقے کی چیک پوسٹ ’الحدیثہ ‘ پرمتعین کسٹم اہلکاروں نے ایک گاڑی سے 7 لاکھ 74 ہزار 418 نشہ آورگولیاں برآمد کرلیں جنہیں انتہائی مہارت سے گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔
دوسری کارروائی میں ایک لوڈنگ ٹرک میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں رکھی گئی 2 لاکھ 72 ہزار سے زائد نشہ آورگولیاں برآمد کرلی گئیں۔

الحدیثہ چیک پوسٹ کے ذریعے منشیات سمگل کی جارہی تھیں(فوٹو، ٹوئٹر)

اسمگلنگ کی تیسری کارروائی میں ایک ٹرک سے 2 لاکھ 69 ہزار 767 نشہ آورگولیاں برآمد ہوئیں۔ اسمگلنگ کی چوتھی کوشش ایک کمپنی کے کولڈ اسٹوریج کے خفیہ خانوں میں رکھی گئی نشہ آورگولیاں برآمد کی گئی جن کی تعداد 40 ہزار سے زائد تھی جبکہ پانچویں کارروائی میں ایک لاکھ 34 ہزار 884 نشہ آورگولیاں ٹرک کے خفیہ خانوں سے برآمد کی گئیں۔
اسمگلروں نے تمام کاررائیوں میں انتہائی مہارت سے گاڑی کے مختلف حصوں میں خفیہ خانے بنائے تھے جہاں انہوں نے اپنی دانست میں منشیات کو چھپایا تھا تاہم محکمہ کسٹم کے اہلکاروں نے فرض شناسی اور تجربہ کاری کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے تمام منشیات برآمد کرلیں

شیئر: