Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وبا کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زیادہ طبی عملہ کویت بھیجا گیا: ایوب آفریدی

طبی عملہ بھیجنے کے لیے پاکستان اور کویت کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز نے کہا ہے کہ پاکستان نے وبا کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زیادہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو کویت بھیجا ہے۔
جولائی 2020 میں 600 پاکستانی طبی ماہرین کو بھیجنے کے لیے پاکستان اور کویت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’پاکستان نے وبا کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زیادہ ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی تکنیکی افراد کو کویت بھیجا۔‘
’مزید تین ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان کو بھی بھیجے جائیں گے۔ اسی طرح سعودی عرب بھی طبی عملے کے لیےسینکڑوں بھرتیاں کررہا ہے۔‘
سکیورٹی کی وجوہات پر کویت نے 2011 میں ایران، عراق، شام، پاکستان اور افغانستان کے شہریوں کے لیے ویزوں کا عمل معطل کیا تھا۔
پاکستان نے 2020 میں ویزوں کی بحالی کے لیے کویت کے ساتھ بات شروع کی تھی جس کے بعد گذشتہ برس اکتوبر میں نرسوں، ڈاکٹروں اور طبی تکنیکی عملے کا پہلا گروپ کویت بھیجا گیا۔ اس کے بعد مزید طبی عملہ بھی بھیجا گیا۔
کویت نے 2021 کے وسط میں پاکستانی شہریوں کے لیے کاروباری اور فیملی ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کردیا تھا۔

شیئر: