Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مذاہب اور تہذیبوں کا تنوع اخوت انسانی کی بنیاد ہے: سعودی عرب

’سعودی عرب دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا‘ ( فوٹو: واس)
اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے قائم مقام مندوب محمد عبد العزیز العتیق نے کہا ہے کہ ’مذاہب، ثقافتوں اور تہذیبوں میں تنوع اخوت انسانی کی بنیاد ہے‘۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تہذیبوں کے درمیان ہم آہنگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’دنیا کو اخوت انسانی کی بنیاد پر بقائے باہم کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دنیا میں تہذیبوں اور ثقافتوں کے علاوہ مذاہب میں ٹکراؤ نفرتوں کا باعث بنا ہے‘۔
دوسری طرف سعودی عرب نے دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
سعودی قائم مقام مندوب محمد العتیق نے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے دفتر کے رکن ممالک کے سفیروں کی سطح پر سالانہ بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ’سعودی عرب نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں‘۔
’ دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے سعودی عرب نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر موثر اور قائدانہ کردار ادا کیا ہے‘۔
العتیق نے کہا ہے کہ ’انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ سعودی عرب کی شراکت داری اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ سعودی عرب، اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی مرکز کے قیام میں سب سے بڑا معاون ہے‘۔

شیئر: