Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور سٹی میئر کے الیکشن کے لیے نااہل

فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پور نے پھر خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی ہوگی (فوٹو: فیس بک)
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
فیصلے کے بعد عمر امین اب ڈیرہ اسماعیل خان سے سٹی میئر کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار کے طور پر انتخابات نہیں لڑ سکیں گے۔ علی امین کو 50 ہزار جرمانہ بھی کیا جا چکا ہے۔
کمیشن نے علی امین گنڈا پور کو ڈیرہ اسماعیل خان جانے کی اجازت دیتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سرابرہی میں تین رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔
 الیکشن  کمیشن نے علی امین گنڈا پور کو خاندان کی تقریبات میں شرکت کےلیے ڈیرہ اسماعیل خان جانے کی اجازت  دی ہے۔ تاہم انہیں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور انتخابی عمل میں شرکت نہ کرنے کو یقینی بنائیں۔
فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پور نے دوبارہ خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے اس معاملے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارہ صفحات کے فیصلے میں عمر امین گنڈا پور کے خلاف کوئی واضح ثبوت نہیں ملا۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کا انتخاب 13 فروری کو ہونا ہے۔

شیئر: