عالمی سطح پر سعودی شہروں کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری
جمعرات 23 اکتوبر 2025 5:37
رپورٹ میں بتایا گیا ریاض، مکہ، مدینہ اور دمام میں شاندار ترقی ہوئی ہے۔( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی شہروں نے بین الاقوامی سٹیج پر اپنے معیار کو کافی بہتر بنایا ہے جس سے ’وژن 2030 ‘ کے تحت مملکت میں تیزی سے ہونے والی تبدیلی کی رفتار کا اظہار ہوتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مینجمنٹ کنسلٹنٹ فرم کارنی کی ’گلوبل سِٹیز رپورٹ‘ میں بتایا گیا کہ سعودی شہروں میں انفراسٹرکچر پر جدت پسندی، رہنے کے قابل ہونے کی اور مسلسل سرمایہ کاری کی بدولت ریاض، مکہ، مدینہ اور دمام میں شاندار ترقی ہوئی ہے۔
کارنی فرم کی رپورٹ کی بنیاد ’گلوبل سٹیز انڈیکس آؤٹ لُک‘ ہے جس میں158 شہروں کے کلیدی پہلوؤں جیسے کارباری سرگرمیاں، انسانی وسائل، معلومات کا تبادلہ، ثقافتی تجربہ اور سیاسی شمولیت کو مدِ نظر رکھ کر شہر کے معیار کے بارے میں تخمینہ لگایا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ دیکھا جاتا ہے کہ کوئی شہر لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے ان کے اس شہر میں ٹھہرنے اور افراد، سرمایے اور آئیڈیاز کے مواقع پیدا کرنے میں کیسا ہے۔
انڈیکس سے معلوم ہوتا ہے کہ ریاض آٹھ درجے بہتر ہو کر 56 ویں پوزیشن پر ہے جس کی ایک وجہ وہاں لوگوں کی ذاتی فلاح وبہود کا معیار ہے۔
اس کے علاوہ ریاض، غیرملکی براہِ راست سرمایہ کاری حاصل کرنے میں سرِ فہرست ہے جس سے عالمی سرمایہ کاری میں اس کے قائدانہ کردار کو تقویت ملتی ہے۔
جدہ کی پوزیشن بھی ایک درجہ بہتر ہوئی ہے اور یہ دنیا میں 83 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ اس کی ترقی کی وجہ یہاں بڑھتی ہوئی کاروباری اور ثقافتی سرگرمیاں اور تجارتی اور اونٹرپرنیئرشپ کے لحاظ سے اس کا بڑھتا ہوا کردار ہے۔
دیگر سعودی شہروں میں مکہ، مدینہ اور دمام کی رینکنگ بھی کافی بہتر ہوئی ہے جس سے ان کوششوں کی کامیابی کا اظہار ہوتا ہے جو مملکت میں ترقی کو متنوع بنانے کے لیے کی جارہی ہیں۔
