Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف نوشکی میں، ’حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں سے ملیں گے‘

وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے جہاں سے وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے نوشکی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جبکہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کچھ دیر قبل بلوچستان کے ضلع نوشکی پہنچے ہیں جہاں وہ پورا دن فوجی اہلکاروں کے ساتھ گزاریں گے۔
آرمی چیف کو علاقے کی سکیورٹی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی اور دہشت گرد حملوں کو روکنے کے لیے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔
آرمی چیف ان فوجی اہلکاروں سے بھی ملاقات کریں گے جنہوں نے نوشکی میں ایف سی کیمپ پر دو فروری کو ہونے والے حملے کو روکنے میں حصہ لیا۔
بعدازاں چیف آف آرمی سٹاف اور وزیراعظم کو ایک جامع بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد وہ مقامی قبائلی مشران سے بھی بات چیت کریں گے۔
خیال رہے دو فروری کی رات بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں ایف سی سنٹرز پر حملے کیے گئے تھے۔
جس کے بعد آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ حملوں کو ناکام بنا دیا اور 20 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا، ان حملوں میں پانچ فوجی اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹویٹ کی کہ ’آج کابینہ کا اجلاس منسوخ کر دیا گیا ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف آج کا دن بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ گزاریں گے۔ وہ جوان جن کے عزم پہاڑوں سے بلند اور جذبوں میں سمندروں سے زیادہ وسعت ہے، ہمارا فخر بھی ہیں اور ہمارا مان بھی، پاکستان کے یہ بیٹے مادر وطن کے لیے سربکف ہیں۔‘

شیئر: