Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ کے قندھاری بازار میں دھماکہ، ایک شخص ہلاک، سات زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے معروف کاروباری مرکز میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔ 
پولیس کے مطابق ہفتہ کی شام کو قندھاری بازار میں بخاری سینٹر کے قریب بم دھماکا ہوا جس سے کئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ 
سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق سات زخمیوں کو سول ہسپتال لایا گیا ہے جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ ایک لاش بھی ہسپتال لائی گئی ہے جس کی شناخت سید ندا محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ 
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا ہے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ 
بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں تین سے چار کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

کیچ میں ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ

دوسری جانب کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت میں پارک ہوٹل کے قریب ناکے پر کھڑے ایف سی اہلکاروں پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔
ایس ایچ او تربت شیر جان نے اردو نیوزکو بتایا کہ ’حملے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوا جو بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔‘
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس اور ایف سی نے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

شیئر: