Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جدہ میں کچی بستیاں مسمار کرنے کا کام رمضان میں معطل رہے گا‘ 

جدہ میں 60 سے زیادہ محلے منہدم ہوں گے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے کہا  ہے کہ ’رمضان کے دوران جدہ میں کچی بستیوں کو مسمار کرنے کا کام معطل رہے گا‘۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق  میونسپلٹی کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ’ جدہ کے باشندوں کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہدام کی کارروائی عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔ 
ترجمان نے بتایا کہ ’رمضان کے بعد پہلے سے طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق کچی بستیوں کو مسمار کرنے کا کام پھر شروع کیا جائے گا‘۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل میونسپلٹی کے ترجمان نے الاخباریہ کو بتایا تھا کہ ’جدہ شہر میں 60 سے زیادہ محلے منہدم ہوں گے فی الوقت تیرہ محلے منہدم کیے جارہے ہیں ‘۔ 
 ’کچی بستیوں کے باشندوں کو متعدد زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا زمرہ ضمنی خاندانوں کا ہے انہیں نئے مکانات کی تیاری تک عارضی طور پر رہائش فراہم کی جائے گی۔
دوسرے زمرے میں وہ شہری آتے ہیں جن کے پاس مکانات کی ملکیت کے کاغذات ہیں انہیں معاوضے کی فراہمی تک عارضی طور پر رہائش دی جائے گی۔
تیسرے زمرے میں وہ شہری آتے ہیں جن کے پاس مکانات کے کاغذات نہیں ہیں۔ انہیں فلاحی اداروں اور انجمنوں کے تعاون سے رہائش مہیا کی جائے گی‘۔ 

شیئر: