Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باحہ ریجن میں بندروں نے گھر میں گھس کر شہری کو زخمی کردیا

بندر اب بھی گھر کے سامنے ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں(فوٹو عاجل)
سعودی عرب کے باحہ ریجن میں ’بابون‘ نسل کے بندروں نے ایک گھر میں گھس کر مقامی شہری کو زخمی کردیا۔
سعودی شہری ماجد الغامدی نے الاخباریہ چینل کے خصوصی پروگرام ’نشرۃ النہار‘ میں بتایا کہ’ وہ اپنے گھر کے احاطے میں موجود تھا کہ اچانک بندروں نے عقب سے حملہ کردیا۔ اس کے  ہاتھ، بازو اور کمر پر کاٹ لیا‘۔
ماجد الغامدی کا کہنا تھا کہ ’میں نے مدد کے لیے شور مچایا جس پر ہمسائے فورا ہی پہنچ گئے اور انہوں نے بڑی مشکل سے میری جان چھڑائی۔ اگر ہمسائےمدد نہ کرتے توبندر میرا براحال کر دیتے‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ ایک ماہ قبل بھی بندروں نے حملہ کرکے میرے والد کو نشانہ بنایا تھا‘۔ 
سعودی شہری نے کہا کہ ’ والد پر بندروں پر حملے کے بعد جنگلی حیاتیات کے ادارے میں شکایت درج کرادی تھی مگر کچھ  نہیں ہوا۔ بندر اب بھی میرے گھر کے سامنے ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ متعلقہ ادارے اور حکام فوری مداخلت کرکے اس مسئلے کو حل کریں‘۔
مملکت کے جنوبی علاقوں میں بابون نسل کے بندروں کے خطرات دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔ بندر گھروں میں گھس کر مکینوں پر حملہ آور ہورہے ہیں۔

قومی مرکز نے اس حوالےسے آگہی مہم بھی شروع کی ہے(فوٹو ٹوئٹر)

سبق ویب سائٹ کےمطابق تازہ ترین واقعہ باحہ کے شہری ماجد الغامدی کے ساتھ پیش آیا ہے۔  
جنگلی حیاتیات کی افزائش کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔ 
قومی مرکز نے مقامی شہریوں سے اپیل کی کہ’وہ بندروں کو کھانا فراہم کرنے سے گریز کریں۔ کچرا انہیں مقامات پر ڈالیں جو اس کے لیے مختص ہیں جبکہ گھروں میں بندر نہ پالے جائیں‘۔ 
قومی مرکز نے اس حوالےسے آگہی مہم بھی شروع کی ہے۔

شیئر: