Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تحت تجرباتی بس سروس کا آغاز

حرمین ٹرین سٹیشن سے جبل عمر سٹیشن تک بسیں چلائی جائیں گی( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ رائل اتھارٹی نے کہا ہے کہل منگل 15 فروری کو پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تجرباتی مرحلے میں ’مکہ بس سروس‘ کا آغاز کیا جائے گا۔  
سبق نیوز کے مطابق الرصیفہ محلے میں حرمین ٹرین سٹیشن سے جبل عمر سٹیشن تک بسیں چلیں گی۔ جبل عمر سٹیشن مسجد الحرام کے صحنوں کے قریب واقع ہے۔ 
 اتھارٹی نے کہا کہ پہلی بس تجرباتی طور پر صبح ساڑھے 5 بجے سیون اے روٹ پر چلائی جائے گی۔ حرمین ایکسپریس ٹرین سٹیشن کے مسافروں کو مسجد الحرام پہنچایا جائے گا۔ آئندہ مرحلے میں دیگر بارہ روٹس پر بھی مکہ بس سروس چلے گی۔ 
 منصوبے کا مقصد مکہ کے مرکزی علاقے تک آمد ورفت کو آسان بناتے ہوئے بہترین اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنا ہے۔ 
بس منصوبہ دو مرحلوں پر مشتمل ہے۔ پہلا مرحلہ 12 روٹس اور 83 سٹیشنز پر مشتمل ہوگا جس میں درمیانے حجم کی بسیں استعمال کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں استعمال ہونے والی بسیں مخصوص روٹ پر چلیں گی جن کی مسافت 172 کلو میٹر ہو گی جبکہ اس کے سٹیشنز کی تعداد 342 ہو گی۔ 
بس منصوبے کے تحت 400 جدید ترین بسیں درآمد کی جائیں گی جن میں سے 240 بسیں 12 میٹر کی ہوں گی۔ ہر بس میں 85 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ دوسرا مرحلہ جس میں 18 میٹر کی بسیں شامل ہیں جن میں 125 افراد کی گنجائش ہو گی۔ 
 بسوں کو ماحول دوست بنایا گیا ہے جن سے کاربن کا اخراج کم سے کم ہو گا جس سے ماحول کے متاثرہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔

شیئر: