Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کاوسٹ میں آئیڈیشن چیلنج، 90 سے زیادہ سعودی طلبہ کی شرکت

ایونٹ میں شریک طلبہ 18 سے زیادہ یونیورسٹیوں سے آئے تھے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے معروف تحقیقی ادارے کے زیر اہتمام 90 سے زائد طلبہ نے حال ہی میں آئیڈیشن چیلنج میں حصہ لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کاؤسٹ) میں تین روزہ تقریب منسٹری آف حج و عمرہ، سیلین واٹر کنورژن کارپوریشن اور سعودیہ ایرو سپیس انجینئرنگ انڈسٹریز کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔
جدت طرازی اور تخلیقی سوچ کو آگے بڑھانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے کاؤسٹ انیشیٹو نے طالب علموں کو چیلنج کیا کہ وہ کچھ بڑے علاقائی اور عالمی مسائل کو حل کریں۔
کاروباری سوچ، تعلیم کے تجربے اور مسائل کو حل کرنے کے جذبے سے مزین ٹیم کے اراکین نے  کٹنگ ایج سلوشنز کے لیے کام کیا اور آخری دن اگلےاقدامات، اہداف اور ان کے حل کے مثبت اثرات پر زور دینے کے ساتھ اپنی سوچ کو شیئر کیا۔
 اس ایونٹ میں حصہ لینے والے 94 طلبہ 18 سے زیادہ سعودی یونیورسٹیوں سے آئے تھے اور وہ تمام کاؤسٹ کے آن لائن کورس کے فارغ التحصیل تھے۔
انہیں ان کی انفرادی مہارت اور تعلیمی پس منظر کی بنیاد پر پانچ گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ گروپ بندی کے بعد ٹیموں کو حقیقی دنیا کے چیلنجز دیئے گئے جو کاؤسٹ  انیشیٹو کے شراکت داروں کی جانب سے فراہم کیے گئے تھے۔
چیلنجوں میں سے ایک خدمت کے بہتر معیار، زیادہ دستیابی اور بہتر غذائی ضروریات کو یقینی بنانے کے لیے مقدس مقامات پر کھانے کے تجربے کا از سر نو تصور کرنا۔ اسے وزارت حج نے پیش کیا اور اسے ٹیم بسکٹ نے جیتا تھا۔

ایونٹ میں شریک طلبہ کاؤسٹ کے آن لائن کورس کے فارغ التحصیل تھے( فوٹو عرب نیوز)

دوسرا چیلنج جسے ایس ڈبلیو سی سی نے پیش کیا، متبادل توانائی کے ذرائع کی اصلاح کے ذریعے ڈی سیلینیشن کو بہتر بنانا اور میٹھے پانی کی پیداوار پر جیلی فش کے اثرات کو دور کرنا تھا اسے مینگروو ٹیم نے جیتا۔
تیسرا چیلنج سعودی ایروسپیس انجنئیرنگ انڈسٹریز کی طرف سے پیش کردہ جنگلی حیات کا پتہ لگانے اور پرندوں کے حملوں کو روکنے کے لیے ٹیکنالوجیز کو بڑھانے پر مرکوز تھا جسے فیوچر سیکرز کی ٹیم نے جیتا۔ انہوں نے ہوا بازی کی جگہوں پر پرندوں کو روکنے کے لیے ریڈیو فریکونسی فیلڈز کا استعمال کیا۔

شیئر: