ممبئی۔۔۔۔ہندوستان کے ممتاز کامیڈین سنیل پال نے کپیل شرما اور سنیل گروورکے درمیان مصالحت کی کوششیں شروع کردیں۔ اس سے پہلے راجیو سریواستو،نوجوت سنگھ سدھو اور احسان قریشی ان دونوں اداکاروں میں مصالحت سے ناکام ہوچکے ہیں۔اب سنیل پال نے کپیل کی طرف سے سنیل گروور سے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ وہ شو میں واپس آجائیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں اپنی ویڈیو بھی فیس بک پر جاری کردی۔ سنیل نے گروور سے کہا کہ آپ کے بڑے اداکار ہیں اور لوگ آپ کے فن کی تعریف کرتے ہیں لیکن یہ نہ بھولیں کہ کوئی اداکار اسی وقت اپنے فن کو پیش کرسکتا ہے جب اسے کوئی بڑا پلیٹ فارم ملے۔آپ اور کپیل شرمادونوں نے شوکو کامیابی سے ہمنار کیا اور آپ شو کے ایک ’’پہیئے کی طرح ہیں۔مجھے ڈر ہے کہ آپ دونوں میں سے کوئی بھی علیحدہ علیحدہ کام کرکے کچھ حاصل نہیں کرسکے گا گے۔کپیل نے کچھ غلطیاں کی ہونگی لیکن آپ سبھی ایک خاندان کی طرح ہیں، برائے مہربانی کپیل کو معاف کردیں۔ اس شو کے ذریعے آپ لوگوں نے تمام کامیڈینز کیلئے بڑا پلیٹ فارم قائم کیا اور صرف اس شو کی وجہ سے لوگ کامیڈینز کا بھی احترام کرنے لگے ہیں۔کامیڈینز کو تو کوئی ایک ہزار روپے بھی نہیں دیتا تھا لیکن اب کپیل ایک شوکے ڈیڑھ کروڑ روپے لے رہے ہیں۔انہوں نے اپنے دوستوں کو شو میں کام دلوایا اور اچھا معاوضہ دلوایا۔کپیل شرما شو کی وجہ سے 500کامیڈینز کو کام ملا۔ برائے مہربانی حقیقت سمجھئے اور شو میں واپس آیئے۔