Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالی وُڈ اداکار جارج کلونی، اہلیہ اور بچوں نے فرانسیسی شہریت حاصل کر لی

جارج کلونی کے مطابق اُن کو فرانس میں پرائیویسی کے قوانین پسند ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی
عالمی شہرت یافتہ ہالی وُڈ اداکار جارج کلونی، اُن کی اہلیہ اور بچوں نے فرانسیسی شہریت حاصل کر لی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سرکاری دستاویزات سے اداکار اور اُن کے خاندان کی فرانس کی شہریت حاصل کرنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
فرانس کے سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق دسمبر کے اوائل میں جارج کلونی نے امریکہ کے ساتھ دوسرے ملک کی شہریت بھی حاصل کی۔
ہالی وڈ اداکار نے فرانس کے رازداری یا پرائیویسی کے قوانین کی تعریف کی تھی جو اُن کے خاندان کو پاپارازی یا پیچھا کرنے والے فوٹوگرافرز سے محفوظ رکھتے ہیں۔
64 سالہ اداکار نے اس وقت آر ٹی ویل ریڈیو کو بتایا تھا کہ ’مجھے فرانسیسی ثقافت، آپ کی زبان بہت پسند ہے، چاہے میں 400 دن کے کورسز کے بعد بھی اس کو بولنے میں بہت برا ہوں۔‘
انگریزی میں دیے گئے اس انٹرویو میں امریکی اداکار نے کہا تھا کہ ’یہاں وہ (فوٹوگرافرز) بچوں کی تصاویر نہیں بناتے۔ سکول کے دروازوں پر کوئی پاپارازی نہیں چھپا ہوتا۔ یہ ہمارے لیے سب سے اہم ترین چیز ہے۔‘
اب دہری شہریت کے حامل امریکی و فرانسیسی شہری جارج کلونی کو یورپ سے ایک طویل سے لگاؤ ​​ہے۔ انہوں سنہ 2014 میں ایک برطانوی شہری امل سے شادی کی جن کا آبائی تعلق لبنان سے ہے اور وہ انسانی حقوق کے لیے سرگرم وکیل ہیں۔
جارج کلونی کی اہلیہ امل روانی سے فرانسیسی بولتی ہیں۔
ہالی وڈ اداکار کے پاس اٹلی کے خوبصورت ترین علاقے کومو میں جھیل کے قریب ایک بڑا رقبہ بھی ہے جو انہوں نے سنہ 2002 میں خریدا تھا۔ اُنہوں نے اپنی اہلیہ امل کے ساتھ مل کر انگلینڈ میں بھی ایک تاریخی گھر خرید رکھا ہے۔  
دونوں نے سنہ 2021 میں فرانس میں بھی ایک بڑا رقبہ خریدا تھا۔

 

شیئر: