Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں، ’ملک سے بھگانے کی کوشش ہو رہی ہیں‘

 عامر خان حال ہی میں ’فلم ستارے‘ زمین پر میں نظر آئے جو 20 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کو اپنے ٹی وی شو ’ستیہ مے وجیتے‘ کے دوران جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔
اس بات کا انکشاف عامر خان کے بھانجے اداکار عمران خان نے حال ہی میں کیا ہے۔
عمران خان نے سمدیش بھاٹیہ کے شو ’ان فلٹرڈ بائے سمدیش‘ میں شرکت کے دوران اس معاملے پر کھل کر بات کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ عامر خان کو بچپن سے جانتے ہیں اور انہیں اس بات پر مکمل یقین ہے کہ عامر جو بھی فیصلے کرتے ہیں وہ نیک نیتی اور ایمانداری پر مبنی ہوتے ہیں۔
عمران خان کے مطابق ’ستیہ مے وجیتے‘ کی ایک قسط میں جب عامر خان نے بچیوں کے قتل (فی میل انفینٹیسائیڈ) جیسے حساس موضوع پر بات کی تو کچھ حلقے شدید ناراض ہو گئے۔ عمران نے بتایا کہ ’اسی ایپی سوڈ کے بعد عامر خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔‘
عمران خان نے بتایا کہ ’میں عامر کو بچپن سے ہی جانتا ہوں، مجھے ان پر اعتماد ہے کہ وہ جو بھی کام کرتے ہیں خلوص کے ساتھ کرتے ہیں۔ ستیہ مے وجیتے میں بچیوں کے قتل پر ان کا ایپی سوڈ بہت سے لوگوں کو ناگوار گزرا اور اسی وجہ سے انہیں دھمکیاں ملیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ماموں جان بے چارے کو کافی عرصے سے ملک سے بھگانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔‘
عمران خان کے مطابق یہ سب دراصل ایک تلخ سبق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ایسے واقعات کے ذریعے ایک پیغام دیا جاتا ہے کہ زیادہ بولنے کی ضرورت نہیں، ورنہ تمہارے گھر آ کر اسے جلا دیا جائے گا۔‘
عمران کے بقول ایسے تجربات انسان کو بہت کچھ سکھا دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان کا سماجی مسائل پر مبنی ٹاک شو ’ستیہ مے وجیتے‘ سنہ 2012 سے 2014 تک نشر ہوا جس میں 25 اقساط پیش کی گئیں۔ اس پروگرام میں عامر خان نے مختلف سماجی مسائل پر متاثرین، سماجی کارکنوں اور ماہرین سے گفتگو کی۔
یاد رہے کہ عامر خان حال ہی میں ’فلم ستارے‘ زمین پر میں نظر آئے جو 20 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ اس کے علاوہ وہ کامیڈین و اداکار ویر داس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ہیپی پٹیل‘ میں ایک مختصر کردار (کیمیو) بھی ادا کریں گے۔ اسی فلم کے ذریعے عمران خان ایک دہائی سے زائد عرصے بعد اداکاری کی دنیا میں واپسی کر رہے ہیں۔

شیئر: