Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین چھٹیوں کی کوئی تجویز زیر غور نہیں: وزارت افرادی قوت

وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ خبریں مصدقہ ذرائع سے ہی حاصل کی جائیں(فوٹو، ٹوئٹر)
 وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ترجمان سعد آل حماد نے کہا ہے کہ ڈیوٹی کے ایام میں کمی سے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
اس حوالے سے ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی وہ اطلاع درست نہیں جن میں کہا جارہا ہے کہ وزارت ہفتے میں چار دن ڈیوٹی اور تین دن چھٹی کی تجویز پر غور کررہی ہے‘۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق آل حماد نے توجہ دلائی کہ دراصل وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود قانون محنت کا جائزہ لے رہی ہے۔
وزارت لیبر مارکیٹ میں نئی اسامیاں پیدا کرنے اور لیبر مارکیٹ کو ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ پرکشش بنانے کی غرض سے جائزے لیتی رہتی ہےجومعمول کا کام ہے۔ 
آل حماد نے کہا کہ اس سے قبل عوام سے قانون محنت کے بارے میں رائے دہی کے لیے قانون محنت کا مسودہ وزارت کے پلیٹ فارم پر جاری کیا گیا تھا۔
وزارت نے ایک روایت یہ شروع کی ہے کہ کوئی بھی قانون بنانے سے قبل اس کا مجوزہ مسودہ سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردیا جاتا ہے اور تمام متعلقہ فریقوں سے اس کی بابت رائے طلب کی جاتی ہے۔ آخر میں سب کی آرا کو مدنظر رکھ کر قانون کے مسودے کو حتمی شکل دی جاتی ہے۔ 
وزارت افرادی قوت کے ترجمان نے تمام ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ معلومات نقل کرنے اور شائع کرنے کے سلسلے میں باریک بینی سے کام لیا کریں۔ 

شیئر: