Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل میں حیرت انگیز چٹانیں، قصہ کیا ہے؟

حیران کن چٹانیں پانچ مربع کلومیٹر کے دائرے میں ہیں (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی سیاح اور فوٹو گرافر سعد الشمری نے حائل ریجن کی الشنان کمشنری  کے النعی قریے میں  چٹانوں پر رینگنے والے جانوروں کی عجیب و غریب شکلیں دریافت کی ہیں۔ 
الشمری نے کہا کہ ان چٹانوں پر نظر آنے والی شکلیں حیرت انگیز ہیں۔ دیکھنے والے کو ششدر کردیتی ہیں۔  

الشمری نے تصاویر سوشل میڈیا پرشیئر کیں جو وائرل ہوگئیں۔ (فوٹو: العربیہ نیٹ)

العربیہ نیٹ کے  مطابق الشمری نے بتایا کہ وہ چٹانوں پر رینگنے والے جانوروں اور مگر مچھ سے ملتی جلتی شکلیں دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے اس تاریخی مقام کو دنیا بھر کے ماہرین کی نظروں میں لانے کے لیے فوٹو گرافی کی اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔ یہ علاقہ نادر روزگار چٹانوں سے مالا مال ہے۔ پانچ مربع کلو میٹرکے دائرے میں موجود چٹانوں کی شکلیں حیران کن ہیں۔ 
الشمری نے کہا کہ یہاں تاریخی کھدائی اور تلاش کا عمل ایسے بہت سارے اسرار سے پردہ اٹھائے گا جنہیں جان کر دنیا حیرت میں پڑ جائے گی۔ 

النعی قریہ اس طرح کے نوادرات سے بھرپور ہے۔ (فوٹو: العربیہ نیٹ)

الشمری نے کہا کہ النعی قریہ مشہور ہے۔ یہ آتش فشاں کے دہانے پر نمودار ہوا ہے۔ یہاں کے باشندے خشک آتش فشاں علاقے میں آباد تھے۔ انہیں یہاں سے محفوظ جگہ منتقل کرنے کا حکم ہوا تھا تو وہ منتقل ہوئے تھے۔ اب یہ قریہ اس کے بازار اور اس کے زرعی فارم انسانوں اور جانوروں سے خالی پڑے ہوئے ہیں۔ 
الشمری نے کہا کہ النعی قریہ کا پرانا علاقہ آثار قدیمہ سے مالا مال ہے یہاں دو تاریخی مقام دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں ایک عنترہ بن شداد کا چشمہ ہے یہ چمکدار  پانی کا چشمہ ہے۔ اس کا محل وقوع پہاڑ کے دامن میں ہے یہ چشمہ آج تک آباد ہے۔ دوسرا چشمے کے اوپر کی جانب ایک قبر ہے۔ اس حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ عنتر بن شداد کی قبر ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: