Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اونٹ والی چٹان‘ الوجہ میں قدرتی نایاب شاہکار

الوجہ ضلع قدرتی اور تاریخی ورثے کے سبب مشہور ہے (فوٹو: واس)
سعودی عرب کے شمال مغربی علاقہ الوجہ میں اپنی نوعیت کی ایک نایاب چٹان موجود ہے جسے ’اونٹ والی چٹان‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مجسمہ قدرت کا ایک خوبصوت اور نایاب شاہکار ہے۔ اس کا نادر انداز سیاحوں اور خاص طور پر ایسے علاقوں کی سیر میں خصوصی دلچسپی رکھنے والوں کے لیے پرکشش اور دلفریب منظر ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے فوٹوگرافر کی تصویری رپورٹ میں اس چٹان کے خدوخال نمایاں کئے گئے ہیں۔ اونٹ والی چٹان کی بلندی آٹھ میٹر کے قریب ہے۔ اس چٹان کے خدوخال ایسے اونٹ کی مشابہت رکھتے ہیں جو مخصوص انداز میں بیٹھا ہوا ہے۔

اونٹ والی چٹان کی بلندی آٹھ میٹر کے قریب ہے (فوٹو: واس)

سعودی عرب میں ارضیاتی سروے کی جنرل اتھارٹی کے مطابق ’الوجہ شہر سے پانچ کلو میٹر جنوب میں واقع ’اونٹ والی چٹان‘ چونے کے پتھر سے بنی ہوئی ہے۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب کا الوجہ ضلع اپنے قدرتی اور تاریخی ورثے کے سبب مشہور ہے۔ بحیرہ احمر کے ساحل پر پھیلے ہوئے اس ورثے نے الوجہ کو سیاحوں کے لیے پرکشش مقام بنا دیا ہے۔ 
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ویژن 2030 کے ضمن میں اعلان کردہ منصوبوں نے اس علاقے کی اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔

شیئر: