Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دیپکا پاڈوکون کس کی زندگی پر فلم بنانے جا رہی ہیں؟

دیپکا پاڈوکون کے والد پرکاش پاڈوکون بیڈمنٹن کے مشہور کھلاڑی رہے ہیں (فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام)
بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد پرکاش پاڈوکون کی زندگی پر فلم بنانے پر کام کر رہی ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز نے اداکارہ کے ایک انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دیپکا نے والد کی بائیوپک بنانے کا اعلان کیا ہے۔
دیپکا پاڈوکون ان دنوں کچھ  دن پہلے ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’گہرائیاں‘ کی کامیابی کا لطف اٹھا رہی ہیں۔ دیپکا پاڈوکون کے والد پرکاش پاڈوکون بیڈمنٹن کے مشہور کھلاڑی رہے ہیں۔
اداکارہ نے انٹرویو میں ان مشکلات کا ذکر بھی کیا جن کا ان کے والد کو کھیل کے ابتدائی ایام میں سامنا کرنا پڑا جبکہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح اس مشکل ماحول سے گزر کر ان کے والد نے انڈیا کے پہلے کھلاڑی کے طور پر عالمی طور پر اپنی جگہ بنائی۔
اپنے والد کی زندگی کے بارے میں بنائی جانے والی فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیپکا پاڈوکون نے بتایا کہ ’میں اس پر کام کر رہی ہوں، دراصل 1983 سے قبل پرکاش پاڈوکون وہ پہلے انڈین اتھلیٹ تھے جنہوں نے عالمی سطح پر انڈیا کو متعارف کرایا اور عالمی طور پر اپنا بھی نام بنایا۔
دیپکا پاڈوکون کے مطابق ان کے والد نے 1981 میں ورلڈ چیمپیئن شپ جیتی تھی جو ظاہر ہے 1983 سے قبل ہی تھا۔

دیپکا کے والد کو 2018 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا (فوٹو: ڈی سی بیڈ منٹن)

2018 میں جب بیڈمنٹن ایسوشی ایشن آف انڈیا نے  پرکاش پاڈوکون کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا تو اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ ’میں نے اس وقت کھیلا جب بہت زیادہ سہولتیں نہیں ہوتی تھیں۔
’میں نے کسی صلے، پیسے، انعامات یہاں تک کہ اپنے والدین کو خوش کرنے کے لیے نہیں کھیلا، میں نے صرف اپنے اطمینان کے لیے کھیلا، اور یہ دیکھنا تھا کہ میں کس حد تک مشکلات کا مقابلہ کر سکتا ہوں‘
پرکاش پاڈوکون سابقہ عالمی نمبر ون ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں کئی کامیابیاں حاصل کیں اور وہ بھی سہولتوں اور سپانسرشپ کے بغیر، جو کہ آج کل آسانی سے مل رہی ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے کئی اہم ٹورنامنٹ جیتے۔

دیپکا کی آنے والی فلم ’سرکس‘ ہے جس میں ان کے شوہر رنویر سنگھ نے ان کے ساتھ کام کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ان کی اہم ترین کامیابیوں میں 1983 کی ورلڈ چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ 1980 میں آل انگلینڈ اوپن چیمپیئن شپ جیتی، وہ پہلے انڈین کھلاڑی تھے جنہوں نے یہ دونوں اعزاز جیتے۔
 دیپکا پاڈوکون آنے والے دنوں میں روہت شیٹھی کی فلم سرکس میں نظر آئیں گی، جس میں ان کے شوہر رنویر سنگھ بھی ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

شیئر: