Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فالکنری فیسٹیول 2025: بازوں کے پہلے سات کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل

سعودی عرب میں جاری شاہ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول 2025 کے فالکنری مقابلوں کے پہلے سات کوالیفائنگ راؤنڈ مکمل ہو گئے ہیں۔
ریاض کے شمال میں واقع ملھم میں سعودی فالکنز کلب کے تحت ہونے والے یہ مقابلے دس جنوری تک جاری رہیں گے۔ بازوں کی شرکت کے لحاظ سے یہ دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے۔
ان مقابلوں میں مقامی افراد کے علاوہ فالکنری کے بین الاقوامی شائقین بھی حصہ لے رہے ہیں۔
چوتھے دن سات راؤنڈز میں 227 مقابلوں نے حصہ لیا جبکہ تیسرے دن ہونے والے مقابلوں میں صرف مقامی افراد ہی شریک ہوئے جن میں 315 بازوں نے سات راؤنڈز پر مبنی چھ کیٹیگریز میں حصہ لیا۔
اس سال کے فیسٹیول میں مقابلوں کے 139 راؤنڈز ہوں گے جن میں 1012 انعامات رکھے گئے ہیں جن کی مالیت 38 ملین سعودی ریال سے بھی زیادہ ہے۔

یہ فیسٹیول سعودی عرب کے فالکنری کے ورثے کو دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جسے یونیسکو کی ’انٹینجیبل کلچرل ہیرٹج آف ہیومینیٹی اِن 2010‘ کی نمائندہ فہرست میں بھی درج کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ یہ ایونٹ مملکت کی فالکنز اور فالکنرز کے لیے عالمی مقام کے طور پر حیثیت کو بھی تقویت دے رہا ہے۔

گو اس فیسٹیول میں بازوں کے مقابلے ہوتے ہیں لیکن اس میں کھیل اور ورثے کا امتزاج بھی ہے۔ یہ فیسٹیول فالکنرز اور فالکنری کے شوقین افراد کے لیے 17 دن تک ایک منفرد تجربے کا باعث بنے گا۔
ان مقابلوں کی دو بڑی کیٹیگریاں ہوں گی۔ ایک کیٹیگری میں الموح ریس ہے جو 400 میٹر تک کی ہوتی ہے جبکہ دوسری کیٹیگری کو المزاین کہتے ہیں جس کا ایک اور نام ’مقابلۂ حُسن‘ بھی ہے۔

یہ ایونٹ اپنی عالمی شہرت میں دن بہ دن تقویت حاصل کر رہا ہے۔ بازوں کی سب سے زیادہ تعداد میں شرکت کے لحاظ سے یہ ایونٹ، پہلے ہی تین گِنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کر چکا ہے۔
اس برس کے فیسٹیول میں بچوں، نوجوانوں، سکولوں اور خواتین کے لیے خصوصی راؤنڈز کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد پائیدار فیلکنری اور کمیونٹی کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا اور اسے فروغ دینا ہے۔

 

شیئر: