Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی، مہلت کے خاتمے پر دکانیں کیوں بند ہیں؟ 

مملکت کے مختلف ریجنز میں تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔ ( فوٹو: الاقتصادیہ) 
سعودی عرب میں انسداد تجارتی پردہ پوشی ’تسترتجاری‘ کی اصلاح کے لیے دی جانے والی مہلت کے خاتمے کے بعد مملکت کے مختلف ریجنز میں تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انسداد تجارتی پردہ پوشی کی قومی کمیٹی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرمارکیٹوں کی ایک ویڈیواپ لوڈ کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تجارتی پردہ پوشی کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے ساتھ ہی بازاروں میں بیشتر دکانیں بند ہیں۔ 
انسداد تجارتی پردہ پوشی پروگرام میں اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی جانے والی بند دکانوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ دکانیں اورکمرشل ادارے تجارتی پردہ پوشی کا گڑھ تھے جہاں دھوکہ دہی اور جعلی اشیا کی فروخت کا کاروبارکیا جاتا تھا۔ 
پروگرام کے ذمہ دار نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’اصلاحی مہلت کے حوالے سے بند کیے جانے والے کاروباروں سے وطن عزیز کے عوام کے لیے کاروبار کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں اور ان کے لیے مثالی مواقع فراہم ہوئے ہیں۔‘
انسداد پردہ پوشی کی ٹیموں نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا جہاں انواع و اقسام کی تجارت کی جاتی تھی جن میں ریستوران، لانڈریز، بیوٹی پارلرز، بجلی اور سینیٹری، پھل وسبزی فروخت کرنے والی دکانوں کےعلاوہ گاڑیوں کے ورکشاپس و دیگر شعبوں سے متعلق دکانیں شامل ہیں۔ 
واضح رہے تجارتی پردہ پوشی کے انسداد کے حوالے سے وزارت تجارت نے 17 فروری تک مہلت دی تھی۔
قبل ازیں اس حوالے سے گزشتہ برس بھی 6 ماہ کی مہلت دی گئی تھی جس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 17 فروری کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس دوران تجارتی ادارے کے مالکان اصلاح حال کرلیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 

شیئر: