Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خطبہ جمعہ ’تجارتی پردہ پوشی‘ کے مضر اثرات پر دینے کی ہدایت

مہلت 16 فروری 2022 تک دی گئی ہے- (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزیر اسلامی امور عبداللطیف آل الشیخ نے ہدایت کی ہے کہ مملکت کی تمام مساجد میں جمعے کا خطبہ ’تجارتی پردہ پوشی‘ کے مضر اثرات پر دیا جائے۔
وزارت کی جانب سے جاری نوٹس کے حوالے سے عاجل نیوز کا کہنا ہے کہ وزارت اسلامی امور نے مملکت کی تمام جامع مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ہفتے جمعہ کا خطبہ تجارتی پردہ پوشی اور غیر ملکی کارکنوں کو تجارتی امور میں کھلی چھوٹ دینے پر دیں۔
وزارت اسلامی امور کی جاب سے کیے جانے والے ٹویٹ میں اس امر پرزور دیا گیا کہ بحیثیت مسلمان کسب حلال کی پابندی کرتے ہوئے مقررہ قواعد کے تحت تجارت کریں۔
واضح رہے سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے سعودی شہریوں کے نام پرتجارت کرنا منع ہےـ قانون کے مطابق وہ افراد جو غیر ملکیوں کو اپنے نام سے کاروبار کرنے کی اجازت دیتے ہیں وہ بھی جرم میں برابر کے شریک مانے جاتے ہیں- 
اس حوالے سے مملکت میں ایسے سعودی اور غیر ملکی جنہوں نے تجارتی پردہ پوشی کی ہے انہیں 16 فروری 2022 تک کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اس دوران اپنے کاروبار کو قانونی شکل دے دیں- 
تجارتی قانون کے مطابق مذکورہ مہلت کے ختم ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تفتیشی مہم کا آغاز کیا جائےـ وہ افراد جو مقررہ مہلت کے بعد بھی اپنے معاملات کو قانون کے دائرہ میں نہیں لاتے ان کے خلاف سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: