Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاہ جہاں نے تاج محل بنانے والوں کے ہاتھ کاٹ دیے تھے لیکن یہاں ٹانگیں کاٹی گئیں‘

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تزئین و آرائش کی غرض سے نصب مجسمے کو نقصان پہنچانے پر نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
سنیچر کی رات کو بنوں کے تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں نامعلوم افراد گھوڑے اور گھڑ سوار کے مجسمے سے گھوڑے کی اگلی ٹانگیں اور گھڑ سوار کی ایک ٹانگ کاٹ کر لے گئے ہیں۔
اس حوالے سے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مقامی صحافی احسان اللہ خٹک نے کہا کہ ’تقریباً ڈیڑھ برس قبل یہ مجسمہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی زیر نگرانی نصب کیا گیا۔ مجسمے سے مقامی لوگوں کی محنت اور پرانی روایات کی عکاسی کی گئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہاں چوری کی وارداتیں زیادہ ہیں، صبح و شام لوگوں کو لوٹا جاتا ہے۔ بدامنی کو کنٹرول کرنے اور امن وامان کی بحالی کے لیے پولیس سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہے لیکن تاحال کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔‘
تحصیل میونسپل آفیسر المار خان کے مطابق ’دریائے کرم کے ساتھ جہاں پر بنوں شہر کا داخلی راستہ ہے، وہاں پر زمین کے کچھ حصے کو سرسبز بنایا گیا اور اس میں یہ مجسمہ خوبصورتی کے لیے نصب کیا گیا۔ لیکن کل رات کچھ شرپسند افراد اس مجسمے سے کچھ حصے لے گئے ہیں۔ نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ جبکہ مجسمے کی دوبارہ مرمت شروع کر دی ہے۔‘
مجسمے کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ضلع بنوں کے تھانہ بسیہ خیل کے ایس ایچ او ارشد اللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ مجسمے کو نقصان پہنچانے والے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ’واقعے پر اعلیٰ افسران نے سخت ایکشن لیا ہے اور اس حوالے سے کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔‘
ایس ایچ او ارشد اللہ کے مطابق ’بظاہر واقعے میں ملوث افراد نشے کے عادی لگ رہے ہیں۔ مجسمے کے آس پاس سے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیجز بھی نکالی گئی ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ردعمل

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس واقعے پر طنز اور تبصرے جاری ہیں۔
عامر نامی صارف نے لکھا کہ ’شدید مہنگائی اور بیروزگاری کے اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں، بنوں کرم پل پر خوبصورتی کے لیے لگائے گئے مجسمے کے کسی نے پاؤں کاٹ لیے ہیں۔‘

سرفراز مرزا نے ٹویٹ کیا کہ ’کرم پل پر نصب گھوڑے کے مجسمے کی ٹانگیں کاٹ دی گئیں۔ رات کے وقت نامعلوم افراد نے گھوڑے کی ٹانگیں کاٹ لی۔‘

صحافی لحاظ علی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’بنوں میں تشفی قلب کے لیے کرم پل پر نصب گھوڑے کے مجسمے کی ٹانگیں کاٹ دی گئیں۔‘

’سنا ہے شاہ جہاں نے بھی تاج محل بنانے والوں کے ہاتھ کاٹ دیے تھے لیکن یہاں ٹانگیں کاٹی گئیں۔‘

شیئر: