Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی پر 6 لاکھ ریال جرمانہ، کاروبار بند، غیر ملکی کی بیدخلی

تجارتی پردہ پوشی پر سعودی اور شامی کو سزا سنائی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت تجارت نے الخبر کمشنری میں تجارتی پردہ پوشی کے جرم میں سعودی شہری اور مقیم شامی کی تشہیر کی اور دونوں پر 6 لاکھ ریال جرمانہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی حکومت مقامی شہری کے نام سے غیرملکی کے کاروبار کو جرم قرار دیے ہوئے ہے۔ سعودی کے نام سے غیرملکی کا کاروبار کرنا اور سعودی کا اسے کاروبار کرانا دونوں جرم ہیں۔ 
 وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’تحقیقات سے یہ بات ریکارڈ پر آئی کہ سعودی شہری مملکت میں مقیم شامی شہری کو بیرون مملکت سے سپورٹس آلات فروخت کرنے اور فرنیچر کا کاروبار کرنے،سارا سامان باہر سے منگوانے اوراندرون مملکت مارکیٹنگ کا موقع فراہم کیے ہوئے تھا۔ شامی یہ کام سعودی  کے نام پر کررہا تھا‘۔  
وزارت تجارت نےکہا کہ’ ٹھوس ثبوت ملتے ہی معاملہ عدالت کے حوالے کردیا۔ تجارتی پردہ پوشی کے جرم میں دونوں کو سزا سنائی گئی ہے‘۔
دمام میں فوجداری کی عدالت نے دونوں پر 6 لاکھ ریال جرمانہ اوران کے خرچ پر میڈیا میں تشہیر کی سزا سنائی۔
عدالت نے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ ’قانون میں اس حوالے سے اور جو سزائیں مقرر ہیں وہ بھی انہیں دی جائیں‘۔
’قانون کے بموجب کاروبار پر پابندی لگائی گئی۔ تجارتی ادارہ سیل کرکے سجل تجاری منسوخ کردی گئی۔۔ زکوۃ فیس اور ٹیکس وصول کرنے کی کارروائی کا حکم دیا گیا۔ شامی شہری کو مملکت سے بے دخل کرنے اور آئندہ مملکت آنے سے روک دیا گیا ہے‘۔ 

شیئر: