Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں نادرا اہلکار پر تشدد، سابق صوبائی وزیر کے بیٹے پر مقدمہ درج

رونامہ ڈان کے مطابق تشدد کرنے والا شخص پی ٹی آئی کے ایک رہنما کا بیٹا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ملازم کو تھپڑ مارنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رہنما کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بدھ کے روز نادرا کے چیئرمین نے ٹوئٹر پر واقعہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’عوام کی انتھک خدمت میں مصروف نادرا سٹاف کے ساتھ بااثر افراد کی بدتمیزی قابل قبول نہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔‘
اروزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں نادرا ملازم کو تھپڑ مارنے والا شخص احسن عباس پی ٹی آئی کے ایک سابق صوبائی وزیر کا بیٹا ہے۔
پنجاب کی تحصیل پسرور میں نادرا کے ملازم عابد عبدالرحمان نے پولیس کو بتایا کہ احسن عباس اپنے لوگوں کے ساتھ نادرا کے دفتر میں گھس گئے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
ان کا الزام ہے کہ احسن عباس نے انہیں 18 فروری کو فون کیا تھا اور ان سے حامیوں کے شناختی کارڈ بنانے میں مدد مانگی تھی۔ عابد عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے احسن عباس کو بتایا تھا کہ وہ کسی کو خصوصی پروٹوکول نہیں دے سکتے اور سب ان کے لیے برابر ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تفتیش کی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

شیئر: