عدالت طلاق کا فیصلہ جلد کرے: ٹی وی سٹار کم کارڈیشین
کم کارڈیشین اور امریکی ریپر کانئے ویسٹ کی شادی 2014 میں ہوئی تھی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
مشہور امریکی ریالٹی ٹی وی سٹار کم کارڈیشین نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ ان کے اور کانیے ویسٹ کے درمیان طلاق کا فیصلہ جلد کیا جائے تاکہ ان کے سابق شوہر کے لیے یہ تسلیم کرنا آسان ہو سکے کہ ’یہ رشتہ ختم ہو چکا۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کم کارڈیشین نے گزشتہ برس گھریلو جھگڑوں کی خبروں کے سامنے آنے کے بعد کانیے ویسٹ سے طلاق کا مقدمہ دائر کر دیا تھا۔
کم کارڈیشین کے سابق شوہر کانیے ویسٹ نے اس علیحدگی کو ختم کرنے کی کوششیں کیں اور وہ سوشل میڈیا پوسٹوں کے ذریعے کم کاردیشین کو ’مصالحت‘ کر لینے کا کہتے رہے۔
اب کم کارڈیشین نے بدھ کو لاس اینجلس کی عدالت میں ایک ڈیکلریشن فائل کیا ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’میں طلاق حاصل کرنے کی بہت زیادہ خواہش مند ہوں۔ میں نے کانئے سے اس طلاق کو نجی معاملے کے طور پر رکھنے کے لیے کہا تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ عدالت ہمارے ازدواجی تعلق کے خاتمے کا فیصلہ دے کر یہ سمجھنے میں کانیے کی مدد کرے گی کہ ہمارا یہ رشتہ اب نہیں رہا، اس سے ہمیں آگے بڑھنے اور اپنے بچوں کی مناسب طریقے سے دیکھ بھال کا موقع میسر آ سکے گا۔‘
واضح رہے کہ کم کارڈیشین اور امریکی ریپر کانیے ویسٹ کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور ان کے چار بچے ہیں جن میں ایک آٹھ سالہ بیٹی نارتھ، چار سالہ بیٹا سینٹ، ایک بیٹی شکاگو اور دو سالہ بچہ سام شامل ہیں۔
کم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ اپنی شادی کے بعد دنیا کے مقبول ترین جوڑے کے طور پر جانے گئے لیکن ان کا یہ ساتھ اس وقت مسائل کا شکار ہو گیا جب کانیے ویسٹ بائے پولر ڈس آرڈر جیسے نفسیاتی عوارض کا شکار ہو گئے۔