’واپس کہاں جائیں؟ یہ تو ایک قدم آگے کا سفر ہے‘، کترینہ کیف کا زچگی کے بعد باڈی شیمنگ پر جواب
بالی وُڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے اپنے اور شوہر وکی کوشل کے ہاں بیٹے کی ولادت کے چار سالہ طویل سفر، اس دوران پیش آنے والے چیلنجز اور خصوصاً زچگی کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی باڈی شیمنگ (جسمانی ساخت پر تنقید) پر کھل کر بات کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ معاشرتی دباؤ کے تحت خود کو جلد از جلد پرانی حالت میں لانے کی بجائے اپنی صحت اور بچے کو ترجیح دیں گی۔
حال ہی ’ووگ انڈیا‘ کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کترینہ کیف نے انکشاف کیا کہ بیٹے ’ویہان‘ کی پیدائش کے بعد اس خوشی کے ساتھ ہی انہیں منفی رویوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
ستمبر میں امبانی خاندان کی تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی پرانی اور حالیہ تصاویر کے تقابلی کولاجز بنا کر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی جسمانی ساخت پر جملے کسے گئے۔
اس باڈی شیمنگ اور غیر حقیقی توقعات پر کترینہ کیف نے دوٹوک انداز میں پوچھا کہ ’باؤنس بیک (پہلے جیسی حالت میں واپس آنا)؟ آخر کہاں سے واپس آنا؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ماں بننا ایک ایسی منزل ہے جس کی دل کی گہرائیوں سے خواہش تھی تو پھر وہ اس سے پیچھے کیوں جانا چاہیں گی؟ یہ زندگی میں پیچھے جانا نہیں بلکہ ایک خوبصورت قدم آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ بیرونی دنیا کی توقعات کے مطابق اپنے صحت یابی کے سفر کی رفتار طے نہیں کریں گی بلکہ اپنے جسم کی ضرورت کے مطابق آگے بڑھیں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں لوگوں کی رائے ہوا کے رخ کی طرح بدلتی رہتی ہے۔ حمل کے دوران اور اس کے بعد خواتین کے جسم میں آنے والی طبعی تبدیلیوں سے سب واقف ہیں، اس کے باوجود تنقید جاری رکھنا لاعلمی نہیں بلکہ ایک جان بوجھ کر کیا جانے والا انتخاب ہے۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل دسمبر 2021 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے ہاں 7 نومبر 2025 کو بیٹے ویہان کی پیدائش ہوئی۔
کترینہ نے ان مشکل حالات میں اپنے شوہر وکی کو ایک بہترین شریکِ حیات اور شاندار باپ قرار دیا جو ہر قدم پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
کترینہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ان منفی باتوں کو نظر انداز کرکے اپنی زندگی کے اس حسین ترین دور اور اپنے کیریئر کے نئے چیلنجز پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔
