سیالکوٹ میں شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے دو افراد کی ہلاکت کے بعد ٹک ٹاکر ’مسٹر پتلو‘ کی مبینہ پہلی اہلیہ بھی سامنے آگئی ہیں، جنہوں نے ٹک ٹاکر پر شادی کے چار سال بعد طلاق، تشدد اور نجی ویڈیوز لیک کرنے کی دھمکیوں کے الزامات لگائے ہیں۔
مبینہ پہلی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ان کی شادی 10 نومبر 2021 کو انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو سے ہوئی تھی اور یہ رشتہ تقریباً چار سال قائم رہا۔
ان کے مطابق ’یہ محض کاغذی شادی نہیں بلکہ باقاعدہ ازدواجی رشتہ تھا۔‘
مزید پڑھیں
خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے مسٹر پتلو کا اس وقت ساتھ دیا جب وہ مالی مشکلات کا شکار تھے، تاہم ’شہرت اور دولت ملنے کے بعد ان کے رویے میں تبدیلی آگئی اور انہوں نے دوسری خواتین سے تعلقات قائم کرنا شروع کر دیے۔‘
ان کے بقول جب انہوں نے سوشل میڈیا پر شادی ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا تو ’انہیں ڈانٹ ڈپٹ اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر پتلو نے دھمکی دی تھی کہ اگر شادی اور طلاق کے بارے میں عوامی سطح پر بات کی گئی تو ’دونوں کی نجی ویڈیوز لیک کرکے ان کے اہل خانہ کو بھی بھیج دی جائیں گی۔‘
خاتون نے مزید دعویٰ کیا کہ ’مسٹر پتلو نے انہیں طلاق کے بارے میں آگاہ ہی نہیں کیا‘ اور وہ دوسری خواتین سے تعلقات قائم کرتے رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اس لیے سامنے آئی ہیں تاکہ ’دوسری لڑکیاں ایسے تجربے سے محفوظ رہ سکیں۔‘
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مسٹر پتلو کی شادی کی تقریبات پہلے ہی سیالکوٹ کے المناک واقعے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 31 اکتوبر کو ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مہندی اور انعامات کی تقسیم کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔
ابتدا میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 14 زخمی ہوئے، تاہم بعد ازاں ایک اور زخمی دم توڑ گیا، جس سے ہلاکتیں دو ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کی تعداد 18 ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موٹر سائیکلوں اور ایک کار سمیت قیمتی انعامات کی قرعہ اندازی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ گراؤنڈ کے باہر جمع ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق لاؤڈ سپیکر پر شرکا کو بیک وقت اندر داخل ہونے کا کہا گیا، جس سے بھگدڑ مچی۔
سیالکوٹ پولیس نے مسٹر پتلو، ان کے بھائی اور دیگر منتظمین سمیت 53 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، جن میں 45 سکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔ پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مسٹر پتلو کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
مسٹر پتلو کا مؤقف
ایک ویڈیو بیان میں مسٹر پتلو نے کہا کہ انہوں نے تقریب کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت لی تھی اور یہ ایک غیر متوقع حادثہ تھا۔
ان کا دعویٰ ہے کہ طبیعت خراب ہے اور کمر پر چوٹ کے باعث وہ پولیس کے سامنے پیش نہیں ہو پا رہے۔
Popular Pakistani TikToker Mr Patlo has broken down in tears in an emotional video statement following a stampede at his wedding celebrations that left two people dead and several others injured. In the video, Patlo expressed sorrow over the tragedy, defended himself against allegations of negligence and appealed to Punjab Chief Minister Maryam Nawaz and Field Marshal Asim Munir for justice #JusticeForPatlo
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) November 2, 2026











