Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس، یوکرین تنازع: کس ملک کے پاس کتنے ایٹمی ہتھیار موجود ہیں؟

’فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس‘ کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت 165 ایٹمی ہتھیار موجود ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے گذشتہ جمعرات کو یوکرین اور مغربی ممالک کے ساتھ مہینوں پر محیط کشیدگی کے بعد یوکرین میں ’سپیشل ملٹری آپریشن‘ کا اعلان کیا تھا۔
یوکرین پر روسی حملے اب بھی جاری ہیں اور ملک کے شمال مشرقی علاقے سومی کے گورنر کے مطابق وہاں ایک فوی اڈے پر حملے میں 70 یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین پر حملوں میں کمی کا کوئی عندیہ نہیں دیا جبکہ دوسری جانب عالمی سطح پر ان کی سیاسی و اقتصادی تنہائی میں اضافہ ہورہا ہے۔
امریکہ اور اتحادی ممالک نے روس کو معاشی طور پر سزا دینے کے لیے صدر پوتن سمیت اہم شخصیات اور کاروباری کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
خیال رہے کہ دوسری عالمی جنگ عظیم کے بعد سے یوکرین پر حملہ کسی بھی یورپی ریاست پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔
امریکہ نے دو جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر اپنی فوج یوکرین بھجوانے سے انکار کیا ہے تاہم امریکہ اور دیگر اتحادی ممالک نے یوکرین کو عسکری امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
یوکرین پر روسی حملے کے بعد پاکستان میں بھی سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ اگر روس اور امریکہ ایک بار پھر آمنے سامنے آتے ہیں تو یہ کشیدگی دوسری جنگ عظیم کو جنم دے سکتی ہے۔
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ دنیا میں بڑے ممالک کے پاس اس وقت کتنے ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔
’فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس‘ کے مطابق دنیا میں ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی کے حساب سے روس پہلے نمبر پر ہے جس کے پاس اس وقت پانچ ہزار 977 ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، جبکہ امریکہ اس دوڑ میں پانچ ہزار 428 جوہری ہتھیاروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ایٹمی ہتھیاروں پر نظر رکھنے والے ادارے ’آرمز کنٹرول ایوسی ایشن‘ کے مطابق امریکہ کے اتحادی فرانس کے پاس 2019 میں کم و بیش 300 ایٹمی ہتھیار موجود تھے۔
’فیڈریشن آف امریکن سائینٹسٹس‘ کے ایک اور اتحادی برطانیہ کے پاس اس وقت 225 کے قریب ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔

روس کے پاس اس وقت پانچ ہزار سے زائد ایٹمی ہتھیار موجود ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب جنوبی ایشیائی ممالک پاکستان اور انڈیا، جنہوں نے یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی پر غیر جانبداری اختیار کررکھی ہے، بھی اپنے پاس سینکڑوں ایٹمی ہتھیار رکھتے ہیں۔
’فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس‘ کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت 165 ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، جبکہ اس کے پڑوسی ملک انڈیا کے پاس 160 ایٹمی ہتھیار ہیں۔
ان کے پاس موجود ڈیٹا کے مطابق اس وقت اسرائیل کے پاس 90 اور شمالی کوریا کے پاس 20 ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔

شیئر: