Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن نے صدر پوتن کی اعزازی بلیک بیلٹ منسوخ کردی

ولادیمیر پوتن کو نومبر 2013 میں اعزازی بلیک بیلٹ سے نوازا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن کی گورننگ باڈی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو تائیکوانڈو میں دی گئی اعزازی بلیک بیلٹ سرکاری طور پر منسوخ کردی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن نے ایک بیان میں روس کے صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات کھیلوں کے نظریے کے خلاف ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امن جیت سے زیادہ ضروری ہے۔‘
ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ولادیمیر پوتن کو نومبر 2013 میں دی گئی اعزازی بلیک بیلٹ واپس لے لی جائے گی۔
بیان کے مطابق تائیکوانڈو کے سرکاری ایونٹس روس اور بیلاروس میں منعقد نہیں کیے جائیں گے جبکہ دنیا بھر میں منعقد ہونے والے تائیکوانڈو کے ایونٹس میں دونوں ممالک کے ترانے بھی نہیں بجائے جائیں گے۔
’ورلڈ تائیکوانڈو کے خیالات یوکرین کے عوام کے ساتھ ہیں اور ہم اس جنگ کے پرامن اور فوری اختتام کی امید کرتے ہیں۔‘
صدر ولادیمیر پوتن ویسے تو تائیکوانڈو نہیں کھیلتے لیکن جوڈو کراٹے میں مہارت رکھتے ہیں اور طویل عرصے سے بین الاقوامی جوڈو فیڈریشن کے اعزازی صدر بھی ہیں۔
اتوار کو بین الاقوامی جوڈو فیڈریشن نے ولادیمیر پوتن کو اعزازی صدر اور سفیر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
اس کے علاوہ فٹ بال ورلڈ کپ 2022 سے بھی روس کو باہر کردیا گیا ہے جبکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھی سپورٹس فیڈریشن سے کہا ہے کہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو عالمی سطح پر ہونے والے ایونٹس سے علیحدہ کیا جائے۔

شیئر: