Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلین سپنر نیتھن لائن بابر اعظم کو چیلنج دینے کو تیار

آسٹریلیا کے سپنر نیتھن لائن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ پہلے ٹیسٹ میچ میں وہ دنیا کی چوٹی کے بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم کے بولنگ کروانے کا چیلنج لینے کو تیار ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیتھن لائن کا شمار آسٹریلیا کے سب سے زیادہ وکٹس لینے والے بولرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 105 ٹیسٹ میچوں میں 415 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایشیا میں وہ 19 میچز میں 95 بیٹرز کا شکار کر چکے ہیں۔
بابر اعظم ون ڈے اور ٹی 20 کے نمبر ون بیٹسمین ہیں، جبکہ ٹیسٹ میں ان کی رینکنگ نویں ہے۔
نیتھن لائن کا ایک ویڈیو کانفرنس میں کہنا تھا کہ ’میں اپنے کیریئر کے پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرنا چاہتا ہوں اور بابرانہی میں سے ایک ہیں۔‘
’میں چیلنج کے لیے تیار ہوں، لیکن پاکستان کی ٹیم میں کچھ ناقابل یقین بیٹرز ہیں جن کو میں چیلنج دینا چاہتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایمانداری سے کہوں تو میں جو میچ بھی کھیلتا ہوں اسے جیتنے کے لیے کھیلتا ہوں۔ ڈرا یا ہارنے کے لیے نہیں۔ میرا مائنڈ سیٹ ہے کہ پاکستان کو 3-0 سے ہرایا جائے۔‘
نیتھن لائن نے کہا کہ انگلینڈ کو 4-0 سے شکست دینے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم فارم میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سٹیڈیم کی پچ امارات جیسی ہے جہاں 2018 میں پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ ہوا تھا۔
’اس پر زیادہ گھاس نہیں ہے۔ مجھے توقع ہے کہ پہلے چند روز یہ بیٹنگ کےلیے اچھی ہے اور پھر امید ہے کہ اس پر سپن اور ریورس سوئنگ اچھی ہوگی۔‘

شیئر: