شیئرز کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، آرامکو کی مارکیٹ ویلیو 2300 ارب ڈالر
آرامکو کے شیئرز نے حال ہی میں چند بار ریکارڈ سطح پر ٹریڈ کی ہے۔ (فوٹو: شٹر سٹاک)
توانائی کی مارکیٹ میں تیزی کے بعد دنیا کی چند بڑی کمپنیوں میں سے ایک آرامکو کے شیئرز اس کی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو آرامکو کے شیئر کی قیمت 43.1 ریال تک پہنچ گئی۔ جس سے اس کی مارکیٹ ویلیو 23 سو ارب ڈالر ہوگئی، جس سے یہ امریکی کمپنی ایپل کے بعد دنیا کی دوسری سب سے کمپنی بن گئی۔
آرامکو کے شیئرز نے حال ہی میں چند بار ریکارڈ سطح پر ٹریڈ کی ہے اور ہر چند دنوں میں ایک نیا ریکارڈ توڑا ہے۔
صبح کے 11 بج کر 48 منٹ پر شیئرز کی قیمت میں ہلکا سا فرق آیا اور وہ 42.85 ریال پر آ گئے۔ یوں دن کے دوران ان کی قدر میں 3.38 فیصد اضافہ ہوا۔
اوپیک پلس کے اجلاس سے قبل تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
بدھ کی ٹریڈنگ کے دوران برینٹ کروڈ جو ایک دن پہلے 105 ڈالر پر تھا، 111 ڈالر سے اوپر رہا۔ جبکہ امریکی بینچ مارک ڈبلیو ٹی آئی سعودی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 44 منٹ تک 110 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا۔