Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرامکو تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ’ایپل‘ کو پچھاڑنے کی راہ پر گامزن

تجزیہ کاروں نے آرامکو کے شیئر کی قیمت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔(فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی آرامکو کے حصص میں عالمی توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے اضافہ ہوا جس سے دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی دنیا کی سب سے قیمتی کارپوریشن بن گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو ریاض کے تداول ایکسچینج میں آرامکو کے شیئر کی قیمت بڑھ کر38 سعودی ریال (10.13 ڈالر) کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جس سے کمپنی کی مالیت 2 ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہو گئی اور یہ پیش رفت نے ’ایپل سے اس کے فرق کو کم کر دیا جو کہ فی الحال سب سے زیادہ مالیت یعنی 2.32 ٹریلین ڈالر  مالیت کی حامل کمپنی ہے۔
توقع ہے کہ آرامکو اگلے سال ایپل کو پیچھے چھوڑ دے گی۔
تجزیہ کاروں نے آرامکو کے شیئر کی قیمت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے کیونکہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ عالمی سطح پر تیل کی مانگ اور قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
چند ہفتے قبل مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے آرامکو کے سربراہ امین ناصر نے کہا تھا کہ ’ہماری توقع ہے کہ بحالی جاری رہے گی۔ ہم معیشتوں کو مزید کھلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔‘
اس ہفتے انرجی انڈسٹری فورم پر امین ناصر نے تیل کی گنجائش 13 ملین بیرل یومیہ تک بڑھانے کے منصوبوں کا اعادہ کرتے ہوئے آرامکو کی خود اعتمادی کو اجاگر کیا اور مزید سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے تاکہ اسے عالمی توانائی کے شعبے میں اور بھی زیادہ طاقت حاصل ہو۔
آرامکو اس ماہ کے اختتام پر تیسری سہ ماہی کے نتائج شائع کرے گا۔ کچھ تجزیہ کاروں نے مضبوط تجارتی حالات کی وجہ سے حصص یافتگان کو منافع میں اضافے یا ’خصوصی منافع‘ کی پیش گوئی کی ہے جس سے منافع میں بڑی اٹھان کا امکان ہے۔
ایک انرجی تجزیہ کار نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’منافع میں اضافہ حصص کو اور بھی پرکشش بنائے گا اور اسے ایپل کو ٹکر دینے میں مدد ملے گی۔‘
آرامکو کے عروج کے پیچھے اصل محرک قوت اس سال تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے ، عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً دگنی ہو گئی ہے۔
تمام بڑی تیل کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں خام تیل کی قیمتوں کے ساتھ بحال ہوچکی ہیں لیکن آرامکو نے گزشتہ سال تیل کے بحران کے عروج پر دیگر سے بہتر قیمت برقرار رکھی۔

شیئر: