Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملالہ ،اقوام متحدہ کی امن پیامبر

نیویارک.. نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو اقوام متحد کی امن پیامبر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ملالہ کو میسنجر آف پیس کی ذمہ داری نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں تقریب کے دوران دی جائے گی ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بتایا کہ19 سالہ ملالہ پیر سے اپنا کام سنبھالیں گی ۔ اپنے نئے کردار میں وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں مدد کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے لئے ملالہ کی دلیرانہ سرگرمیوں نے دنیا بھر کے بہت سے افراد کو متاثر کیا ہے۔ خطرے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بھی ملالہ نے خواتین، لڑکیوں اور تمام افراد کے حقوق کے لئے غیرمتزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ اب اقوام متحدہ کی کم عمر ترین امن کی پیامبر کی حیثیت سے وہ دنیا میں امن کے قیام کے لئے مزید کام کرسکیں گی۔واضح رہے کہ اداکار مائیکل ڈگلس،لیو نارڈو ڈی کیپریو، میوزیشن ڈینیئل بیون بوائیم اور یو یو ما کو بھی میسنجر آف پیس مقرر کیا جا چکا ہے ۔ملالہ نوبل انعام کے علاوہ ورلڈ چلڈرن پرائز جیسے ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہیں۔ ملالہ کو کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کی بھی دعوت دی گئی ہے۔

شیئر: