Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چاہتے ہیں انڈیا بھی پاکستان کرکٹ کھیلنے آئے: فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں دونوں ملکوں کے درمیان فلم کے شعبے میں بھی تعاون بڑھے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ آسٹریلیا کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کرکٹ سیریز کھیلنے آئے۔
جمعے کے روز پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز ایک صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان میں آسٹریلیا کے دورے کو روکنے کی کوشش کرنے کے حوالے سے وہ کیا کہیں گے؟
گورنز سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ’انڈیا والے زخمی ہیں ابھی بھی اس ہار سے جو ان کو دبئی میں ہوئی تھی، ابھی تک وہ اس سے سنبھلے نہیں ہیں۔‘
خیال رہے پاکستان اور انڈیا آخری مرتبہ پچھلے سال ٹی20 ورلڈکپ میں دبئی سٹیڈیم میں مدمقابل آئے تھے اور یہ میچ پاکستان 10 وکٹوں سے جیتا تھا۔
واضح رہے کچھ دن پہلے پاکستان کے مقامی میڈیا نے خبر نشر کی تھی کہ پاکستان آنے والے ایک آسٹریلوی کھلاڑی کی اہلیہ کو ایک انڈین شہری کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام بھیجا ہے جس کا مقصد آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کو روکنا تھا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’میں ان (انڈیا) سے بھی یہ کہتا ہوں کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ انڈین کرکٹ ٹیم آئے، پاکستان میں زبردست میچ ہونے چاہییں اور بجائے اس کے کہ آپ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو روکنے کی کوشش کریں ہمیں پاکستان اور انڈٰیا کو ایک دوسرے کی کرکٹ کو سپورٹ کرنا چاہیے۔‘
پاکستانی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان فلم کے شعبے میں تعاون ہو اور کرکٹ میں بھی تعاون ہو۔
’ہم سمجھتے ہیں کہ انڈیا کے ساتھ لوگوں کا جو تعلق ہے اسے بحال ہونا چاہیے، کرکٹ بحال ہونی چاہیے، فلم بحال ہونی چاہیے، میوزک بحال ہونی چاہیے۔‘
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے انڈیا میں بھی ایسی آوازیں ہوں گی جو مودی کی انتہا پسندی کو مسترد کریں گی۔‘

شیئر: