Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کے ساتھ کوئی انہونی ہوئی تو وہ گھر نہیں بیٹھیں گے: وزیر داخلہ

شیخ رشید نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اگر کوئی انہونی ہوئی تو وہ گھر نہیں بیٹھیں گے۔
پیر کو دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ ’عمران خان کے سڑکوں پر نکلنے سے متعلق بیان پر کسی کو بھی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، انہوں نے میلسی میں اتنا بڑا جلسہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے جس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم ایکٹو ہیں۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد ناکام ہوگی جبکہ یہ اعتماد کی تحریک ثابت ہوگی۔‘
’وزیراعظم کے خلاف پیش کی جانے والی تحریک ان کے لیے اعتماد کا باعث بنے گی جبکہ پوزیشن کے لیے عدم اعتماد ہوگا، عمران خان اس سارے بحران سے نکلیں گے۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’وہ تمام اتحادیوں سے بات چیت کے حامی ہیں، سیاست کھلے دروازوں کا نام ہے اور اپوزیشن کے چہروں سے لگ رہا ہے کہ انہیں ناکامی ہوگی۔‘
’اتوار کو میلسی کے جلسے سے خطاب میں بھی عمران خان نے پیغام دیا کہ ان کی کامیابی کے بعد جتنے لوگ جیل جانے سے بچ گئے ہیں وہ قانون کے دائرے میں ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پہلی مرتبہ سامراج کی سیاست کے خلاف عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے۔‘
وزیر داخلہ نے خواتین کے عالمی دن پر آٹھ مارچ کے حوالے سے کہا کہ ’خواتین ضرور احتجاج کریں لیکن مظاہرے کی جگہ اور وقت کے تعین کا ڈسٹرکٹ کمشنر کریں گے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ وہ خواتین کو بتانا چاہتے ہیں کہ ’ایسی اطلاعات ہیں کہ غیرملکی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، خیبر پختونخوا کی پولیس نے دہشت گردوں کے بہت بڑے نیٹ ورک کی شناخت کی ہے اور انہیں پکڑا ہے۔‘

شیئر: