Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میانوالی میں ’بیٹی پیدا ہونے پر باپ نے اسے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا‘

پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹس پر ملنے والی اطلاعات کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ (فوٹو: پکسا بے)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع میانوالی پولیس کے مطابق ایک باپ نے پہلی بیٹی پیدا ہونے پر اسے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ جبکہ آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
میانوالی کی ضلعی پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک پوسٹ کے مطابق یہ بات سامنے آئی کہ ایک باپ نے اپنی سات دن کی بیٹی کو قتل کردیا ہے۔
پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹس پر ملنے والی اطلاعات کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 
آئی جی آفس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے میانوالی میں باپ کی فائرنگ سے نومولود بیٹی کو قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’آئی جی نےسفاک ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی کا حکم بھی دیا ہے جبکہ  ڈی پی او میانوالی کو متاثرہ فیملی سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔‘
ضلعی پولیس نے ابھی اس واقعے کی مزید تفصیلات خفیہ رکھی ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔ 

شیئر: