Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا نے دو برس بعد اپنی سرحدیں غیر ملکی سیاحوں کے لیے کھول دیں

متعدد ممالک نے اپنی سرحدیں سیاحوں کے لیے کھول دی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یکم اپریل 2022 سے ویکسین شدہ تمام سیاحوں کے لیے ملائیشیا کے دروازے کھل جائیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد متعدد ممالک نے نافذ پابندیاں اٹھا دی تھیں۔
سیاحت پر انحصار کرنے والا جنوب مشرقی ایشیائی ملک جو اپنے خوب صورت ساحلوں اور سرسبز جنگلات کے لیے جانا جاتا ہے، نے مارچ 2020 میں اپنی سرحدوں کو بند کردیا تھا تاہم اب ملائیشیا میں داخل ہونے کے لیے کورونا وائرس کی منفی ٹیسٹ رپورٹ کی ضرورت ہوگی۔
وزیراعظم اسماعیل صابری نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ’حکومت نے یکم اپریل 2022 سے اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں یہ یقین ہے کہ اس فیصلے سے ہماری معیشت میں بہتری آئے گی اور اس سے سیاحت کا شعبہ بھی بحال ہوگا۔‘
حالیہ ہفتوں میں 25 ہزار سے زیادہ کورونا کے کیسز رپورٹ ہونے کے باوجود ملائیشیا نے اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ زیادہ تر کیسز معمولی علامات والے تھے۔
سنگاپور، تھائی لینڈ اور فلپائن نے ملک میں داخلے کے لیے اپنے قواعدوضوابط میں نرمی کی ہے۔
ویکسین شدہ سیاحوں کو قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ان کو ملائیشیا پہنچے سے دو دن قبل منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ فراہم کرنا ہوگی اور داخل ہونے کے بعد 24 گھنٹوں میں اینٹیجن ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
اس سے قبل صرف سنگاپور سے آنے والوں کو قرنطینہ کے بغیر ملک میں داخلے کی اجازت تھی۔
ملائیشیا میں 36 لاکھ کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 33 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ملک کی تین کروڑ 20 لاکھ آبادی میں سے 80 فیصد افراد نے مکمل ویکسینیشن کرالی ہے۔

شیئر: