Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ اور مکہ کے تفریحی علاقوں کی تزئین وآرائش مکمل

 مکہ میں 298 پارک، سٹیڈیم، واکنگ ٹریکس اورمختلف قسم کے سبزہ زار ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ اورجدہ کے میونسپلٹی حکام نے عوامی پارکوں، ساحلوں، سی فرنٹس، چوراہوں اور واکنگ ٹریکس کی تزئین و آرائش اور صفائی کے انتظامات مکمل کردیے۔  
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ میونسپلٹی میں پارکوں اور تزئین و آرائش کے  ادارے کے ڈائریکٹر جنرل غازی علیوی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے باشندوں، یہاں مقیم غیرملکیوں اور عمرہ و زیارت کے لیے آنے والوں کی خاطر تمام پبلک مقامات اور پارکوں میں سبزہ زاروں کی تزئین و آرائش کردی گئی ہے۔ صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ پھلواریوں اور سبزہ زاروں کی آبپاشی کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ 
علیوی نے بتایا کہ الجعرانہ سیرگاہ، ابراہیم الجفالی سٹریٹ، العزیزیہ میں بن دھیش سٹریٹ پرسبزہ زاروں کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ پارکوں میں بنچوں کی اصلاح و مرمت کی گئی ہے۔ شجر کاری کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ نئی پھلواریاں لگائی گئی ہیں۔ جھولے لگائے گئے ہیں۔ پہلے سے موجود جھولوں کی اصلاح و مرمت کی گئی ہے اور ان پر رنگ کردیا گیا ہے۔ 

 تعطیلات کے حوالے سے تفریح گاہوں کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

علیوی نے توجہ دلائی کہ  مکہ مکرمہ میں 298 پارک، سٹیڈیم، واکنگ ٹریکس اور مختلف قسم کے سبزہ زار ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ یہاں سیر کے لیے آنے والوں کو دھوپ سے بچانے کے لیے سائبان بھی نصب کیے گئے ہیں۔ طہارت خانوں کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ پرکشش فوارے بھی ہیں۔ چہل قدمی کے لیے خاص ٹریکس بنائے گئے ہیں۔ مختلف عمر کے بچوں کے لیے سیر و تفریح کا الگ انتظام کیا گیا ہے۔ فٹبال، والی بال اور ٹینس کھیلنے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب جدہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ شہر کے تمام سیاحتی ادارے اور مراکز مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے  استقبال کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ کوشش کی گئی ہے کہ سکولوں میں تعطیلات کے دوران طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کھلے مقامات پر خوشگوار لمحات گزاریں اور اچھے موسم کا پورا لطف اٹھائیں۔  
جدہ میونسپلٹی نے کہا کہ متعلقہ اداروں نے شہر کے باشندوں اور یہاں سیر کے لیے آنے والوں کے لیے تمام متعلقہ مقامات پر ضروری انتظامات کرلیے ہیں اور آسانیاں فراہم کرنے کے لیے ڈیوٹی بڑھا دی ہے۔  
جدہ میونسپلٹی نے اطمینان دلایا کہ اس دوران خاص طور پر صفائی کا سپیشل انتظام کیا گیا ہے۔ بلدیاتی کونسلوں نے سکولوں میں تعطیلات کے دوران صفائی کی خصوصی سکیمیں تیار کی ہیں تاکہ سیاح اور سیر و تفریح کے لیے آنے والے صاف ستھرے ماحول میں خوشگوار لمحات گزار سکیں۔

شیئر: