Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضیا الحق کی قبر پر ’ہلڑ بازی اور اسلامی شعائر کی بے حرمتی‘، مقدمہ درج

ایف آئی آر میں مدعی نے پیپلز پارٹی کے ایک کارکن واصف علی کھوکھر کو نامزد کیا ہے۔ فوٹو: نیشنل پریس کلب
اسلام آباد پولیس نے پاکستان کے سابق فوجی صدر جنرل ضیاالحق کی قبر پر ’ہلڑ بازی اور اسلامی شعائر کی بے حرمتی‘ کا مقدمہ درج کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ضیا) کے سینیئر نائب صدر محمد اسماعیل قریشی کی درخواست پر درج کیے گئے مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 297 لگائی گئی ہے۔
درج کیے گئے مقدمے کے مطابق ’سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کچھ شرپسند عناصر اور سرگرم کارکنوں  نے سابق صدر جنرل ضیا الحق کی قبر پر ہلڑ بازی کی جس کی وجہ سے دنیا بھر اُن کے چاہنے والوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔‘
ایف آئی آر میں مدعی نے پیپلز پارٹی کے ایک کارکن واصف علی کھوکھر کو نامزد کیا ہے۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کی اسلام آباد آمد کے موقعے پر مبینہ طور پر پارٹی کے بعض کارکن فیصل مسجد میں سابق فوجی صدر ضیا الحق کے مزار پر پہنچ گئے تھے۔
پیپلز پارٹی کے ان کارکنوں نے مزار کے احاطے میں ضیا الحق کے خلاف اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حمایت میں نعرے بازی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
واقعے پر ردعمل میں پاکستان مسلم لیگ ضیا کے صدر اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا تھا کہ ’پیپلز پارٹی کے شرپسند کارکنوں کی جانب سے فیصل مسجد اسلام آباد کے احاطے میں واقع ضیا الحق کے مزار کی بے حرمتی ان کے غیرمہذب ہونے کا ثبوت ہے۔‘
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’اس واقعے سے ضیا الحق کے چاہنے والوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔‘

شیئر: