Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی یمن اور موزمبیق میں انسانی بنیادوں پر کوششیں جاری

خوراک، پناہ گاہ اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب موزمبیق اور یمن کے بے گھرافراد کو شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے منصوبوں کے ذریعے خوراک، پناہ گاہ اور طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات  یمن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز ڈیوائیسز کو صاف کرنے کی کوششیں بھی تیز کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حال ہی میں موزمبیق کے کابو ڈیلگاڈو صوبے میں بے گھر اور متاثرہ لوگوں میں فوڈ پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے صوبے کے دوسرے بڑے شہر مونٹیپیوز میں 8.6 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس سے 675 سے زیادہ افراد مستفید ہوئے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی ریلیف اور انسانی امداد میں آتا ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات دنیا کے کئی ممالک میں کرتا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے یمن کے ابیان گورنریٹ میں تقریباً تین ہزار 500 افراد میں 61.7 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کیں۔
یہ امداد شاہ سلما ن مرکز کے 2021-2022 کے منصوبے کے تحت آتی ہے تاکہ یمن میں فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کا مقصد 15 یمنی گورنریٹس میں ضرورت مند خاندانوں میں 20 ہزار ٹن سے زیادہ وزنی ایک لاکھ 92 ہزار  فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے عدن میں 66 بے گھر افراد میں 11 خیموں اور 11 شیلٹر بیگز سمیت شیلٹر ایڈ بھی تقسیم کی۔
دریں اثنا  شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے موبائل میڈیکل کلینکس نے یمن کے حجتہ گورنریٹ میں فروری کے دوران 785 سے زیادہ مستحقین کو علاج کی خدمات فراہم کیں۔

حوثیوں کی مزید ایک ہزار 472  بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں( فوٹو ایس پی اے)

وباکے علاج اور کنٹرول کلینک میں 76 جبکہ ایمرجنسی کلینک میں 160 مریضوں کا علاج کیا گیا۔
انٹرنل میڈیسن کلینکس میں 92 مریضوں کو طبی سہولت فراہم کی گئی  جبکہ جنسی اور تولیدی ہیلتھ کیئر یونٹ نے 43 مریصوں کا معائنہ کیا۔
انٹرنل میڈیسن کلینکس میں فروری کے دوران 393 مستحقین کو ادویات فراہم کی گئی ہیں۔ 19 افراد نے دیگر خدمات کے ذریعے سرجری اور ڈریسنگ کلینک کا دورہ کیا جب کہ آگاہی اور تعلیمی یونٹ میں 24 افراد کو طبی مشورے دیے گئے۔ اس دوران تقریباً 145 مریضوں نے نرسنگ سروسز ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔
دوسری جانب یمن سے بارودی سرنگ صاف کرنے کے سعودی پراجیکٹ (مسام) نے مارچ کے تیسرے ہفتے کے دوران یمن میں حوثیوں کی بچھائی ہوئی مزید ایک ہزار 472  بارودی سرنگیں صاف کی ہیں۔
بارودی سرنگوں میں 28 اینٹی پرسنل، 297  ٹینک شکن، ایک ہزار 132 بغیر دھماکے والی جبکہ 15 دھماکہ خیز ڈیوائس شامل تھیں۔
مسام کی جانب سے مارچ کے دوران صاف کی گئی بارودی سرنگوں کی تعداد تین ہزار 910 ہو گئی ہے۔

شیئر: