Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرینی صدر کا عمران خان کو فون، یوکرین کی صورت حال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان نے یوکرین فوجی تنازعے کے جاری رہنے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان سے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ کیا گیا۔
منگل کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فوجی تنازعے کے جاری رہنے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے جنگ کے فوری خاتمے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعے کے حل کی حمایت میں پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’وہ تنازعے کے منفی معاشی اثرات کو ترقی پذیر ممالک کے سامنے مسلسل اجاگر کر رہے ہیں جو تیل اور اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ظاہر ہوتا ہے۔‘
وزیراعظم عمران خان نے یوکرینی شہریوں کے لیے انسانی امداد کی اہمیت پر زور دیا اور باور کرایا کہ پاکستان نے یوکرین میں انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے دو طیارے روانہ کیے۔
اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے یوکرین کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔‘
’وزرائے خارجہ نے فوری طور پر جنگ کے خاتمے پر زور دیا اور او آئی سی کے رکن ممالک کی طرف سے مذاکراتی عمل کی حمایت اور سہولت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔‘
وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان جیسے غیرجانبدار ممالک جنگ کے خاتمے اور سفارتی حل کے لیے کوششوں کو تقویت دینے میں مددگار کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
انہوں نے یوکرینی حکام کی جانب سے پاکستانی طلبہ اور شہریوں کے ساتھ ساتھ سفارت خانے کے عملے کو نکالنے کے لیے فراہم کی جانے والی مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے دیگر ممالک کی جانب سے سفارتی حل کی سہولت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

شیئر: