Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا حوثیوں کے حملوں سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے: سعودی کابینہ

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منگل کو کابینہ کا اجلاس ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ریاض میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی سرپرستی میں یمنی امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کےلیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہرکیا ہے۔
یمنی فریق منگل 29 مارچ  سے 7 اپریل تک ریاض میں امن مذاکرات کررہے ہیں۔ عسکری، سیاسی اور انسانی امور سمیت کئی موضوعات پر وسیع البنیاد بات چیت اور مشاورت کی جائے گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق   منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے عالمی توانائی کے ذرائع کے تحفظ میں عرب اتحاد کی کوششوں کو سراہا ہے۔ 
سعودی کابینہ نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کی تخریبی سرگرمیوں، بیلسٹک میزائل اور ڈرون سے سعودی عرب کی اہم و سول تنصیبات کو نشانہ بنانے اور علاقائی وعالمی امن و سلامتی کو خطرات لاحق کرنے والے حملوں کے حوالے سے رپورٹ کا جائزہ لیا ہے۔
’کابینہ نے دنیا بھر کے ملکوں اور تنظیموں سے پھر اپیل کی کہ وہ حوثیوں کے حملوں اور حملے کرانے والے فریقوں سے نمٹنے کےلیے بھرپور اقدامات کریں۔ حوثی جو کچھ کر رہے ہیں وہ بین الاقوامی قوانین اور قرار دادوں کی نظر میں سنگین جرم ہے‘۔ 
سعودی کابینہ نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے ساتھ مملکت کے عہدیداروں کی ملاقاتوں اور مذاکرات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ’مشترکہ مفادات کے حصول کےلیے تعلقات کو وسعت دینے، دو طرفہ تعاون بڑھانے، یکجہتی کو فروغ دینے اور خطے سمیت دنیا بھر میں پیش آنے والے حالات اور عالمی مسائل کے حل میں تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔  
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹرماجد القصبی نے ایس پی اے کو بتایا کہ ’کابینہ کے اجلاس میں روس اور یوکرین بحران کی تازہ صورتحال بھی زیر بحث آئی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے یوکرین سے متعلق ہونے والے ہنگامی اجلاس کے موقع پر جی سی سی کا موقف اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب یوکرین بحران کے تمام فریقوں کے درمیان مکالمے کی حمایت کرتا ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ یہ مسئلہ پرامن طور پر حل ہو تاکہ خطہ اور پوری دنیا اس بحران کے سیاسی، اقتصادی اور انسانی مسائل سے محفوظ ہو سکے‘۔ 

کابینہ نے بحرین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی ہے(فوٹو ایس پی اے) 

 کابینہ نے مملکت کی معیشت کی بہتر درجہ بندی اور مجموعی قومی پیداوار میں شرح نمو کے حوالے سے عالمی ایجنسیوں کی تعریف پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
ڈاکٹر ماجد القصبی نے بتایا کہ’ کابینہ نے حرم شریفین کے زائرین کی خدمت پر مامور اداروں کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران تمام ادارے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں اور معیاری سہولتیں اور سیکیورٹی زائرین کو فراہم کریں‘۔
کابینہ نے اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل، سیاسی و امن امور کونسل ، کابینہ کی اعلیٰ کمیٹی اور کابینہ کے ماتحت ماہرین بورڈ کے فیصلوں پر مشتمل رپورٹ کا بھی جائزہ لیا ہے۔  
سعودی کابینہ نے متعدد فیصلے کیے ہیں۔ وزیر توانائی کو توانائی کے شعبے میں بحرین کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط ، وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو پولینڈ کے ساتھ کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار اور وزیر صںعت و معدنیات کو مصر کے ساتھ تیل کے ماسوا برآمدات کے فروغ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے گئےہیں۔  
کابینہ نے بحرین کے ساتھ سائبر سیکیورٹی کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی ہے۔  

شیئر: