Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ نے خود کو چھوٹا سا آمر ثابت کیا،‘ بلاول بھٹو کا عمران خان کو جواب

بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’انہیں ووٹ کی طاقت سے نکالا جائے گا‘ (فائل فوٹو: پیپلز پارٹی)
وزیراعظم عمران خان کی ٹویٹ جس میں انہوں نے عام انتخابات کے اعلان کے بعد پی ڈی ایم کے ردعمل پر حیرانی کا اظہار کیا تھا، کے جواب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں ’ایک چھوٹا آمر‘ قرار دیا ہے۔
 اتوار کو وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد عمران نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’عام انتخابات کے اعلان پر پی ڈی ایم کے ردعمل پر حیران ہوں، اِنہوں نے تو آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا کہ ہماری حکومت ناکام ہوگئی ہے اور عوام میں اپنی تائید و مقبولیت کھو بیٹھی ہے تو پھر اب انتخابات سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ جمہوری لوگ تو حمایت کے لیے ہمیشہ عوام سے ہی رجوع کرتے ہیں۔‘
عمران خان نے مزید لکھا کہ ’کیا پی ڈی ایم کے لیے یہ بہتر نہیں کہ حکومت گرانے کی غیر ملکی سازش میں آلہ کار بننے اور ضمیروں کی شرمناک منڈیاں سجا کر ہمارا قومی اخلاقی ڈھانچہ تباہ کرنے کے بجائے انتخابات قبول کرے؟
وزیراعظم کی ٹویٹ کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ ‘آپ کی بغاوت کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، قبل از وقت الیکشن آپ کا نہیں ہمارا مطالبہ تھا۔ عدم اعتماد، انتخابی اصلاحات، قبل از وقت اور شفاف الیکشنز طویل عرصے سے ہمارے مقاصد کا حصہ تھے۔‘

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوجائے تو آپ اسمبلیاں نہیں توڑ سکتے اور سپیکر ووٹنگ کے بغیر سیشن ختم نہیں کرسکتا۔‘

بلاول بھٹو کے مطابق ’آج آپ نے ثابت کردیا ہے کہ سوائے ایک چھوٹے آمر کے کچھ نہیں، جس کی انا ہمارے آئین سے بھی بڑی ہے۔ ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہم ووٹ کے ذریعے آپ کو پارلیمنٹ سے نکالنے کے لیے تیار ہیں، اور ووٹ کے ذریعے ہی انتخابات سے بھی نکالیں گے۔‘

شیئر: