’ڈراکشن‘، پی ایس ایل 11 میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا طریقہ کیا ہو گا؟
پی ایس ایل کے پہلے دس سیزنز میں کھلاڑیوں کا انتخاب صرف ڈرافٹ کے ذریعے ہوتا رہا ہے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ 2026 کے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا نیا طریقہ متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جسے ’ڈراکشن‘ (ڈرافٹ + آکشن) کا نام دیا گیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ ڈراکشن دراصل ڈرافٹ سسٹم اور آکشن یعنی نیلامی کا امتزاج ہوگا۔
پی ایس ایل کے پہلے دس سیزنز میں کھلاڑیوں کا انتخاب صرف ڈرافٹ کے ذریعے ہوتا رہا ہے، تاہم آئندہ سیزن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی دو نئی فرنچائزز کی شمولیت کے بعد اس نظام پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔
جمعے کو پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ ملتان سلطانز کی نمائندگی پی سی بی نے کی۔ اجلاس میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار پر کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا جس کے بعد ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جو سنیچر کو مزید مشاورت کرے گا۔
پی سی بی کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’اجلاس میں پی ایس ایل کے شیڈول، کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے (ریٹینشن)، مکمل نیلامی، ڈرافٹ یا ان دونوں کے امتزاج یعنی ڈراکشن سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔‘
رپورٹ کے مطابق نئی فرنچائزز حیدرآباد اور سیالکوٹ کم سے کم کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے حق میں ہیں تاکہ انہیں بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کا زیادہ موقع مل سکے۔ یہی فرنچائزز نیلامی کے نظام کی بھی حمایت کر رہی ہیں، جبکہ موجودہ فرنچائزز کی اکثریت اس کی مخالفت کر رہی ہے۔
کھلاڑیوں کی ریٹینشن کا معاملہ بھی پیچیدہ ہو گیا ہے کیونکہ ایک طرف پرانی فرنچائزز اپنے اہم کھلاڑی برقرار رکھنا چاہتی ہیں، جبکہ دوسری طرف نئی ٹیمیں مساوی مواقع کی خواہاں ہیں۔ تاحال اس معاملے پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔
پی سی بی کے مطابق اگر اختلاف برقرار رہا تو حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی کریں گے، تاہم لیگ انتظامیہ کوشش کر رہی ہے کہ تمام فریقین کی رضامندی سے فیصلہ کیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل 2026 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، جسے لیگ کے ’نئے دور‘ کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کی ملکیت کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔ پی سی بی نے ابتدائی طور پر فرنچائز کو خود چلانے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اب حیدرآباد اور سیالکوٹ کی فرنچائزز کی کامیاب نیلامی کے بعد ملتان سلطانز کو بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹیکنیکل بولیاں رواں ماہ کے اختتام تک طلب کی جائیں گی۔
