Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موت کا ڈر، یوکرینی ماں نے بچی کے جسم پر خاندانی معلومات لکھ دیں

یہ تصویر بچی کی ماں الیکزینڈرا ماکو نے تین دن قبل انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔ (تصویر: انسٹاگرام)
روس کی یوکرین میں پیش قدمی اور جان گنوا دینے کے ڈر سے ایک ماں نے اپنی بیٹی کی کمر پر اپنے خاندان کے دیگر افراد کے نام اور ان کے نمبرز لکھ دیے ہیں۔
ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں ایک بچی کی کمر پر اس کا نام، کچھ فون نمبرز اور نام لکھے دیکھے جاسکتے ہیں۔
یہ تصویر ٹوئٹر پر یوکرینی صحافی انستاسیا لپاتینا نے منگل کو شیئر کی اور لکھا کہ یوکرینی مائیں اپنے بچوں کے جسموں پر خاندان والوں کے رابطہ نمبر لکھ رہی ہیں تاکہ اگر وہ ماری جائیں تو ان کے بچوں کی پہچان ہوسکے۔
یہ تصویر یوکرینی صحافی سے قبل اس بچی کی ماں الیکزینڈرا ماکو نے تین دن قبل انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔
اس تصویر کے ساتھ لکھی گئی تحریر کو یوکرینی زبان سے انگریزی میں ترجمہ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ بچی کی ماں چاہتی ہیں کہ اگر انہیں کچھ ہوجائے تو ان کی بیٹی کو لوگ پہچانیں اور ان کا خیال رکھیں۔
ایک اور تصویر میں الیکزینڈرا ماکو نے کہا کہ ان کا خاندان اب محفوظ ہے لیکن پھر بھی اپنی بیٹی کی جیب میں رکھی ہوا پرچی نہیں پھینکیں گے جس پرخاندان کی تفصیلات درج ہیں۔
واضح رہے روس نے رواں سال فروری میں یوکرین میں ’سپیشل آپریشن‘ کا اعلان کیا تھا اور ایک ماہ سے زائد گزر جانے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان جنگ جاری ہے۔
کچھ دن قبل برطانوی اخبار ’دا گارڈین‘ میں چھپنے والی خبر کے مطابق روسی افواج یوکرین میں اپنی حفاظت کے لیے بچوں کو ’ہیومن شیلڈ‘ کے طور پر استعمال کررہی ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوکرین کے کئی علاقوں میں روسی افواج نے بچوں کو یرغمال بنایا ہے تاکہ مکینوں کو ان علاقوں میں روسی افواج کی موجودگی کی معلومات یوکرینی فورسز کو دینے سے روکا جاسکے۔

شیئر: