Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نریندر مودی کی شہباز شریف کو مبارکباد، ’انڈیا دہشت گردی سے پاک خطہ چاہتا ہے‘

رجب طیب اردوغان نے بھی شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک دی (فوٹو اے ایف پی)
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔
پیر کو ایک ٹویٹ میں انڈین وزیراعظم نے لکھا کہ ’میاں شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد۔ انڈیا دہشت گردی سے پاک خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے تاکہ ہم اپنا فوکس اپنے ترقیاتی چیلینجز پر رکھیں اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو یقینی بنا سکیں۔
اُدھر چین کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کے اقتدار میں آنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گذشتہ حکومت سے زیادہ بہتر ہوں۔
گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والے مضمون کے مطابق ’شہباز شریف کا تعلق شریف فیملی سے ہے جو لمبے عرصے سے پاکستان اور چین کے تعلقات کو آگے بڑھا رہی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات عمراں خان کے دور حکومت سے زیادہ بہتر ہوں گے۔‘
پاکستان اور چین کے ماہرین مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے پُراعتماد ہیں، کیونکہ انہیں یقین ہے کہ نئی حکومت پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تمام منصوبوں کو متاثر نہیں ہونے دے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’اگرچہ امریکہ نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب کرنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے، خصوصاً سی پیک اور بی آر آئی کو نشانہ بنایا ہے، لیکن چین کو فکرمند نہیں ہونا چاہیے۔‘
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے وزیراعظم شہبازشریف کو ٹیلی فون کرکے وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک دی۔
 پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوغان نے کہا کہ ’آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور  ہوں۔‘

شیئر: